زرین راجپوت
اسلام آباد میں ڈی ڈبلیو اکیڈیمیا نیوز جرمنی کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی سمٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سماجی و میڈیا موضوعات پر مباحثے اور پینل سیشن منعقد ہوئے۔ اس موقع پر ٹرانس یوتھ وائسز کے عنوان سے منعقدہ سیشن میں لُب آزاد میڈیا گروپ کی پہلی ٹرانس رپورٹر اور معروف سماجی کارکن زرین راجپوت نے بطور مقرر شرکت کی۔
زرین راجپوت نے اپنے خطاب میں پاکستان میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو درپیش چیلنجز، میڈیا میں نمائندگی کے مسائل اور شمولیتی صحافت کی ضرورت پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ٹرانس افراد کی آواز کو مرکزی دھارے میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں مساوی مواقع اور احترام کو فروغ دیا جا سکے۔
ڈی ڈبلیو اکیڈیمیا کے پینل نے حقائق پر مبنی رپورٹنگ، میڈیا میں اخلاقی معیار اور محروم طبقات کو اظہار کا مؤثر پلیٹ فارم دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ شرکاء نے اس امر کو سراہا کہ بین الاقوامی سمٹ کے ذریعے نہ صرف ٹرانس کمیونٹی کے اعتماد میں اضافہ ہوا بلکہ میڈیا کے کردار پر بھی مثبت بحث سامنے آئی۔
سمٹ کے اختتام پر مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میڈیا اور سماجی ادارے مل کر ایسے اقدامات جاری رکھیں گے جن سے معاشرے کے ہر طبقے کو باوقار اور محفوظ نمائندگی مل سکے۔