آزادیٔ اظہار کے حق میں پُرامن احتجاج، انسانی حقوق کے علمبرداروں سے یکجہتی

رپورٹ: انیلہ اشرف

ملتان میں انسانی حقوق کے تحفظ اور آزادیٔ اظہار کے حق کے لیے ایک پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) کے ریجنل آفس ملتان کے زیرِ اہتمام یہ مظاہرہ ملتان پریس کلب کے سامنے منعقد ہوا، جس کا مقصد انسانی حقوق کے علمبردار وکلاء ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ سے یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔

احتجاج کا مقصد آزادیٔ اظہار، جمہوری اقدار اور اختلافِ رائے کے آئینی حق کا دفاع کرنا تھا۔ مظاہرے میں وکلاء، صحافیوں، سول سوسائٹی کے کارکنوں، طلبہ، ٹریڈ یونین نمائندگان، کسان اتحاد کے اراکین اور HRCP کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرے کا ایک نمایاں اور جذباتی پہلو ایڈووکیٹ ہادی علی چٹھہ کے والد، چوہدری احمد علی چٹھہ کی شرکت تھی، جو خصوصی طور پر مظاہرے میں شریک ہوئے اور نہ صرف اپنے بیٹے بلکہ ان تمام انسانی حقوق کے کارکنوں سے اظہارِ یکجہتی کیا جو سچ بولنے کی پاداش میں دباؤ اور ہراسانی کا سامنا کر رہے ہیں۔

شرکاء نے اس موقع پر اس امر پر زور دیا کہ پُرامن احتجاج آئینِ پاکستان کے تحت ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ انصاف، انسانی وقار اور بنیادی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والوں کے خلاف ہراسانی، دھمکیوں اور مقدمات کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ جمہوری معاشرے میں اختلافِ رائے کو دبانا نہیں بلکہ تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، اور انسانی حقوق کے محافظوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی ناقابلِ قبول ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں