ایمان عرفان
کیا آپ جانتے ہیں؟ پنجاب میں پلاسٹک کی آلودگی کے خاتمے کے لیے ایک انقلابی اور ماحول دوست قدم اٹھایا جا رہا ہے — اور ساتھ ہی عوام کے لیے کمائی کا سنہری موقع بھی فراہم کیا جا رہا ہے!
پنجاب حکومت نے "وزیراعلیٰ گرین کریڈٹس پروگرام” کے تحت سنگل یوز پلاسٹک کے خلاف عملی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت شہریوں کو صرف 20 عدد ڈیڑھ لیٹر یا 40 عدد ہاف لیٹر خالی پلاسٹک بوتلیں جمع کروانے پر 1000 روپے نقد انعام دیا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے حکومت نے ایک نجی کمپنی سے معاہدہ کیا ہے، جو چینی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ ری سائیکلنگ مشینیں لاہور کی چار بڑی جامعات اور مختلف مارکیٹوں میں نصب کرے گی۔ یہ مشین انتہائی سادہ نظام پر کام کرتی ہے:
بوتل ڈالیں، فون نمبر درج کریں، اور حاصل کریں "گرین کریڈٹس”۔یہ کریڈٹس موبائل ایپ پر ظاہر ہوں گے اور انہیں کیش میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
اس انقلابی پروگرام کے تحت روزانہ 500 ٹن پلاسٹک کچرا ری سائیکل کیا جائے گا، جسے فٹ پاتھوں، سڑکوں کی پیچ ورک اور اینٹوں میں استعمال کیا جائے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس مہم میں صرف شہری ہی نہیں، بلکہ لاہور کے 18 ہزار کباڑیے بھی شامل کیے جا رہے ہیں، جن سے کمپنی براہ راست بوتلیں خریدے گی۔
فی الحال یہ سہولت لاہور تک محدود ہے، تاہم ابتدائی کامیابی کی صورت میں اسے دیگر شہروں تک بھی توسیع دی جائے گی۔