Islmbd Hi Cort

شوہر پر تشددکے الزام میں گرفتار خاتون کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

ویب نیوز:اسلام آباد ہائیکورٹ میں شوہر پر تشددکے الزام میں گرفتار خاتون کی درخواست ضمانت کی سماعت میں شوہرکے وکیل کے دلائل کے آغاز پر ہی عدالت میں قہقہے لگ گئے۔
Untitled 2026 02 24T220324.254
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے اپنے شوہر پر تشددکے مقدمہ میں گرفتار خاتون آمنہ سعید کی ضمانت کے لیے ان کے والد کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

مدعی مقدمہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خاتون نے اپنے ہی شوہر پر 3 مرتبہ تشدد کیا، جسم پر تشدد کے نشانات موجود ہیں۔جج نے کہا آپ خود بھی ہنس رہے ہیں، تو پوری عدالت بھی ہنس رہی ہے، یہ رپورٹ ہونے والا کیس ہےکہ ایک فورس کے بندےکو خاتون نے مارا ہے،کیا یہ خاتون کوئی کمانڈو ہے؟شوہر کے وکیل نے بتایا کہ خاتون سے لوہےکا راڈ برآمد ہوا ہے جو کہ باقاعدہ تیار کرکے رکھا ہوا تھا۔

درخواست گزار کے وکیل نےکہا کہ اگر عورت نے غصے میں مارا بھی ہے تو وہ گھرکی لارڈشپ ہے، اس پر کمرہ عدالت میں ایک مرتبہ پھر قہقہےگونج اٹھے۔ وکیل نےکہا خاتون نے فلاسفی میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے، بہت سارے ایسے فیملی ایشوز ہیں جو عدالت میں ڈسکس نہیں کرنا چاہتے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا مارنے کے بعد بیوی خودگاڑی میں ہسپتال بھی لے کرگئی؟ مدعی کے وکیل نے مزید بتایا کہ خاتون نے شوہر کے ساتھ2 بچیوں پر بھی تشددکیا ہے۔

عدالت نےکہا کہ پی ایچ ڈی کے علاوہ خاتون اور کیا کام کرتی ہیں؟ جب اس خاتون کو گرفتار کیا تو اس خاتون کا دماغی توازن چیک کروایا؟ اس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا ہم نے خاتون کا دماغی توازن چیک نہیں کروایا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شوہر پر تشدد کے الزام میں گرفتار خاتون کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں