گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں نوجوان کی جانب سے آسٹریلوی نژاد خواجہ سراء کے ساتھ مبینہ طور پر جعلی نکاح نامہ تیار کروا کر کروڑوں روپے ہتھیانے اور اسے حبس بے جا میں رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق عثمان نامی نوجوان کا ٹک ٹاک کے ذریعے آسٹریلوی نژاد خواجہ سراء سے رابطہ ہوا، آسٹریلوی شہری دو مرتبہ پاکستان آیا، جہاں ملزم عثمان نے مبینہ طور پر اس کے ساتھ نکاح کا جعلی نکاح نامہ تیار کروایا۔
حکام کا کہنا تھا کہ ملزم عثمان اور اس کے ساتھیوں نے مبینہ طور پر آسٹریلوی شہری کے اکاؤنٹ سے 4 کروڑ روپے سے زائد رقم اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کروائی، آسٹریلوی شہری نے پاکستان سے واپس جانے کی کوشش کی تو ملزموں نے مبینہ طور پر اسے زبردستی روک لیا ۔
مقدمے کے متن میں لکھا گیا کہ ملزمان نے آسٹریلوی شہری کو واپس بھیجنے کے عوض مزید رقم اور اپنے لیے ویزوں کا مطالبہ بھی کیا، آسٹریلوی شہری مبینہ حراست سے یکم جون کو فرار ہو کر لاہور پہنچ گیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ آسٹریلوی شہری کی درخواست پر تھانہ لدھیوالہ وڑائچ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عثمان اور اس کے والد کو حراست میں لے لیا ہے۔
دوسری جانب تفتیشی حکام کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کے دیگر پہلوؤں، رقم کی منتقلی، جعلی نکاح نامے اور مبینہ حبس بے جا کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
