نمائندگان:گجرات میں بدبخت بیٹے نے کھانا دینے میں معمولی تاخیر پر ماں کو بے دردی سے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق قتل کا واقعہ گجرات کے نواحی گاؤں مراڑیاں میں پیش آیا، جہاں بدبخت بیٹے عثمان نواز نے کھانا دیر سے ملنے پر اپنی ماں کو آہنی راڈ سر پر مار کر قتل کردیا۔
ملزم نے اپنی والدہ سے کھانا مانگا، جس پر ماں نے کہا تھوڑی دیر آرام کرلو، میں کھانا دیتی ہوں۔ ماں کی بات سنتے ہی بدبخت بیٹے نے طیش میں آکر سر پر آہنی راڈ مار کر اپنی ماں کو قتل کردیا۔
اوکاڑہ میں شوہر نے بیوی کو قتل کر کے خود کشی کر لی،کمرے سے لاشیں برآمد،تحقیقا ت جاری۔
لاہور کے رہائشی شہزاد کی شادی حجرہ شاہ مقیم کے محلہ اسماعیل پورہ کی ناہید بی بی سے ہوئی جن کی ایک چار سالہ بیٹی ماہ نور تھی جو لاہور میں اپنے باپ کے پاس تھی جبکہ ناہید بی بی اپنے میکے آئی ہو ئی تھی.
گزشتہ روز شہزاد اپنی اہلیہ ناہید بی بی کو اپنے ساتھ لے جانے کے لئے لاہور سے اپنے سسرال حجرہ شاہ مقیم آیاجہاں دونوں میاں بیوی میں جھگڑا ہو گیا،لڑتے لڑتے دونوں کمرے میں چلے گئے اندر سے دروازہ بند کر لیا،ورثاء اور اہل محلہ کے مطابق فائرنگ کی آوازیں آنے پر پولیس کو اطلاع دی گئی جس پرپولیس نے موقع پر پہنچ کر دروازہ توڑا تو سامنے بیڈ پر میاں بیوی کی لاشیں پڑی تھیں.
پولیس کے مطابق شواہد بتاتے ہیں کہ شہزاد نے پہلے اپنی بیوی ناہید بی بی کو گولیاں مار کر قتل کیا پھر خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی ،لاشیں ہسپتال منتقل کر کے پولیس مصروف تفتیش ہے۔
ڈیرہ مرادجمالی کے قریب بھائی نے بھائی کو قتل کردیا،پولیس کے مطابق بھائی نبی بخش مری نے اپنے سگے بھائی رحیم بخش مری کو قتل کرکے لاش زمین میں دفن کردی.
پولیس کے مطابق گوٹھ میں تعفن پھیلنے سے قتل کا انکشاف ہوا، تو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم نبی بخش کو گرفتار کرلیا او دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے بھائی کو قتل کرکے زمین میں دفن کردیا تھا.