شکار پور:سندھ کے شہر شکارپور میں پولیس اہلکار نے مبینہ غلط فہمی پر کار پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ لکھی غلام شاہ جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او علی حسن اپنی نئی نجی کار میں جارہے تھے اور نئی کار پر نمبر پلیٹ نہیں تھی، گلولو دڑو پولیس نے مبینہ طور پر گاڑی کو مشکوک سمجھ کرفائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ایس ایچ او کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر جانبر نہیں ہو سکے،حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ لکھی غلام شاہ جاں بحق ہوگئے۔
پولیس نے فائرنگ کر نے والے اہلکار کو حراست میں لے لیا جب کہ آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی لاڑکانہ سے رپورٹ طلب کرلی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کیلئے اے ایس پی شکارپور کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی، انکوائری کمیٹی کو 24 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
