WhatsApp Image 2025 01 17 at 02.51.02

حکومت پنجاب کا کسانوں‌کے لئے ایک کھرب روپے کا پیکج

صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت آج ایگریکلچر ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کسان پیکج کے اہم منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو بھی موجود تھے۔اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ میں زرعی میکانائزیشن کے فروغ کیلئے ترجیحاً اقدامات کر رہی ہیں۔ صوبہ میں 5ایکڑ اور اس سے زائد ملکیتی رقبہ کے کسانوں کو گرین ٹریکٹر پروگرام کے دوسرے مرحلہ میں 65،75 اور 85 ہارس پاور کے ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے۔اس پروگرام کے تحت5 ارب روپے کی لاگت سے5 ہزار گرین ٹریکٹرز کاشتکاروں کو فراہم کئے جائیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ اس فیز میں چھوٹے کاشتکار بھی اس سکیم کا حصّہ ہوں گے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت صوبہ تین سالوں کے دوران60 ارب روپے کی لاگت سے کاشتکاروں کو زرعی آلات و جدید مشینری بھی سبسڈی پر فراہم کی جائے گی۔اس پروگرام کے تحت بنک و دیگر مالیتی اداروں کے تعاون سے سروس پروائیڈرز کے ذریعے کاشتکاروں کو گندم کے جدید ہارویسٹرز ،رائس ہارویسٹرز،مکئی کو سوکھانے والے ڈرائیرز اور دیگر اقسام کی مشینری کاشتکاروں کو کرایہ پردستیاب ہوگی۔مجموعی طور پر13 اقسام کی جدید زرعی مشینری کاشتکاروں کو فراہم کی جائے گی۔اس پروگرام کے تحت پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی سے کاشتکاروں کو سہولت فراہم کی جائے گی۔اس پروگرام کے تحت سروس پروائیڈرز کو5 کروڑ 50لاکھ روپے تک کا بلا سود قرضہ فراہم کیا جائے گا۔وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں گرین پاکستان انیشی ایٹو کے تحت لمز کے تعاون سے زرعی مشینری کو کرایہ پر فراہم بھی کیا جائےگا۔اس ضمن میں یہ سروسز کاشتکاروں کو ماڈل ایگری مالز پر دستیاب ہوں گی۔4 ماڈل ایگری مالز میں ضلع ساہیوال میں 75 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ سرگودھا، ملتان اور بہاولپور میں ماڈل ایگری مالز کے قیام میں اپنی ٹائم لائنز کے مطابق پیش رفت جاری ہے۔صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی۔اب تک 5 لاکھ 23 ہزار کسان کارڈزکے اجراء کی منظوری ہوچکی ہے اور ان میں سے4 لاکھ61 ہزار کسان کارڈزڈلیور ہو چکے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کیلئے53.5ارب روپے کی منظوری ہوچکی ہے، جس میں سے اب تک33ارب روپے کی خریداری کی جا چکی ہے۔وزیراعلی پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت 9500 قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکاروں میں سے 9008 کاشتکاروں نے گرین ٹریکٹرز کیلئے اپنے حصہ کی رقم جمع کرا دی ہے۔اب تک5608 ٹریکٹرز کاشتکاروں کو فراہم کئے جا چکے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب سولرائزیشن آف زرعی ٹیوب ویلز پروگرام کے تحت 5 لاکھ 33 ہزار سے زائد درخواستوں کی وصولی ہو چکی ہے،جس میں سکروٹنی کے بعد3 لاکھ 79 ہزار درخواستوں کی منظوری ہو چکی ہے۔اس پروگرام کے تحت رواں ماہ کے دوران قرعہ اندازی کی جائے گی۔اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت پنجاب نے واضح کیا کہ جنوبی پنجاب کے12 اضلاع میں کپاس کی اگیتی کاشت کے فروغ کیلئے ترجیحاً اقدامات کئے جائیں اور ایگرو ایکالوجیکل زونگ پر عملدرآمد کیا جائے گا تاکہ امسال کپاس کی بھرپور پیداوار حاصل کی جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں