economy 1

پاکستان؛آبادی 25 کروڑ سے تجاوز، غربت کی شرح 28.9 فیصد، 59 لاکھ افراد بے روزگار

اسلام آباد:اقتصادی سروے 2025-26 کے مطابق پاکستان میں غربت کی شرح بڑھ کر 28.9 فیصد ہو گئی ہے، اس تناسب کے مطابق ہر 100 میں سے تقریباً 29 پاکستانی خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔
956680 50728157
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے اکنامک سروے آف پاکستان 2025-26 کے مطابق ملک کی آبادی بڑھ کر 25 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ شرحِ اضافہ 2.07 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پاپولیشن سٹڈیز کے اندازوں کے مطابق سال 2025ء میں مردوں کی تعداد 12 کروڑ 96 لاکھ اور خواتین کی تعداد 12 کروڑ 24 لاکھ 50 ہزار رہی۔

صوبائی لحاظ سے پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہے جہاں آبادی 13 کروڑ 33 لاکھ ہے، اس کے بعد سندھ 5 کروڑ 82 لاکھ، خیبر پختونخوا 4 کروڑ 26 لاکھ اور بلوچستان ایک کروڑ 52 لاکھ افراد پر مشتمل ہے۔

اقتصادی سروے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں غربت کی پیمائش کم از کم ضروری اخراجات پورے کرنے کی صلاحیت کی بنیاد پر کی جاتی ہے ، ماہانہ 8 ہزار 483 روپے آمدن رکھنے والا شخص سرکاری معیار کے مطابق غریب شمار نہیں ہوتا جبکہ یہ رقم تقریباً 30.5 امریکی ڈالر کے مساوی بنتی ہے۔
inflation 3
رپورٹ کے مطابق دیہی علاقوں میں غربت کی شرح 36.2 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ شہری علاقوں میں یہ شرح 17.4 فیصد رہی۔ صوبوں میں بلوچستان سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا جہاں غربت کی شرح 47 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ پنجاب میں سب سے کم 23.3 فیصد غربت ریکارڈ کی گئی، سندھ میں غربت کی شرح 32.6 فیصد اور خیبرپختونخوا میں 35.3 فیصد رہی۔

اقتصادی سروے کے مطابق 2018-19 کے بعد ملک میں غربت میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مالی سال 2018-19 میں غربت کی شرح 21.9 فیصد تھی، جو اب بڑھ کر 28.9 فیصد ہو چکی ہے، رپورٹ میں مہنگائی اور معاشی دباؤ کو لاکھوں افراد کے غربت کی جانب دھکیلے جانے کی بڑی وجوہات قرار دیا گیا ہے۔

سروے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملک میں معاشی عدم مساوات میں اضافہ ہوا ہے اور اس کی شرح 28.4 فیصد سے بڑھ کر 32.7 فیصد ہو گئی ہے، صوبائی سطح پر سندھ میں عدم مساوات سب سے زیادہ 35.9 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ پنجاب میں 32 فیصد، خیبرپختونخوا میں 29.4 فیصد اور بلوچستان میں 26.6 فیصد رہی۔
unemployement
اقتصادی سروے کے مطابق پاکستان کی لیبر فورس 8 کروڑ 31 لاکھ افراد پر مشتمل ہے، جن میں سے 7 کروڑ 72 لاکھ افراد برسرِ روزگار ہیں، جبکہ 59 لاکھ افراد بے روزگار ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سال 2025 کے دوران 7 لاکھ 62 ہزار 499 پاکستانی روزگار کے حصول کے لیے بیرونِ ملک گئے، جو ملکی لیبر مارکیٹ پر دباؤ اور بیرونِ ملک ملازمتوں کی بڑھتی ہوئی طلب کی عکاسی کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں