ویب نیوز: کیتھولک مسیحی برادری کے نئے پیشوا پوپ لیو نے پاک بھارت جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے۔کیتھولک مسیحی برادری کے نئے پیشوا پوپ لیو نےویٹی کن سٹی میں اپنے پیروکاروں سے پہلا خطاب کیا، انہوں نےپاکستان اور بھارت کےدرمیان جنگ بندی کےاعلان کاخیرمقدم کیا اورکہا کہ امید کرتا ہوں مذاکرات کےذریعے دیرپا امن قائم ہوگا۔
انہوں نےمزید کہا کہ دنیا تیسری جنگ عظیم کے دہانے پر ہے،پوری دنیا سے اپیل کرتا ہوں،مزید جنگ نہ ہوں، یوکرین،روس اور غزہ میں بھی اب امن ہونا چاہیے۔
خیال رہے کہ کیتھولک چرچ کی 2000 سالہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ ایک امریکی کو پوپ کے منصب کے لیے چنا گیا،جہاں ویٹی کن سٹی میں آج انکا اپنے پیروکاروں سے پہلا خطاب تھا۔
دوسری جانب اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات بات چیت سے حل ہونے چاہئیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان 6 مئی سے جاری جنگ 10 مئی کو امریکا اور دیگر ممالک کی مداخلت کے بعد ختم ہونے پر او آئی سی نے پاک بھارت جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی خوش آئند ہے۔
او آئی سی کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کروانے میں کردار ادا کرنے والے لائق تحسین ہیں، مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات بات چیت سے حل ہونے چاہئیں۔
دریںاثناء سیز فائر ہونے کے بعد کی صورتحال کے مطابق پنجاب بھر کے سکولز اور تعلیمی ادارے پیر سے معمول کے مطابق کھلیں گے، انٹرمیڈیٹ، او اور اے لیول کے امتحانات بھی مقررہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے بھارت کے ساتھ کشیدگی کے باعث جمعہ سے سکولوں اور تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تمام سکولز اور تعلیمی ادارے بند رہے، نیز امتحانات بھی ملتوی ہو گئے تھے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کے بعد مختلف تعلیمی اور امتحانی محکموں نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق پیر 12 مئی سے تمام سکولز اور تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور امتحانات کا بھی آغاز ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کل سے مقررہ تاریخوں کے مطابق ہوں گے جبکہ او اور اے لیولز کے امتحانات کا انعقاد کل سے شیڈول کے مطابق ہوگا۔