inflation 3

بجٹ سے قبل مہنگائی میں اضافے کا خدشہ، آؤٹ لک رپورٹ

اسلام آباد:وزارت خزانہ نے نئے بجٹ سے قبل ہی مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔

وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے جس میں نئے بجٹ سے قبل ہی مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ رواں ماہ مہنگائی کی شرح ڈیڑھ سے دو فیصد رہنے کا امکان ہے اور اگلے ماہ مہنگائی بڑھ کر تین سے چار فیصد تک جا سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اپریل میں مہنگائی کی سالانہ شرح 0.3 فیصد تھی۔برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافے کا رجحان برقرار رہے گا جبکہ لارج اسکیل مینو فیکچرنگ میں بتدریج بہتری آنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گاڑیوں کی پیداوار اور خام مال کی درآمد میں اضافہ ہوا ہے جبکہ جولائی تا مارچ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 1.47 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور سازگار موسمی حالات، اضافی پانی سے زرعی پیداوار میں بہتری متوقع ہے جس کے نتیجے میں مجموعی معاشی شرح نمو میں بہتری کا امکان ہے۔

10 ماہ میں ترسیلات زر میں 30.9 فیصد اضافہ ہوا اور حجم 31.21 ارب ڈالر رہا جبکہ جولائی تا اپریل برآمدات میں 6.8 فیصد اضافہ ہوا اور 27 ارب 27 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا، کرنٹ اکاونٹ ایک ارب 88 کروڑ ڈالر سرپلس رہا اور اس دوران درآمدات 11.8 فیصد اضافے سے 48.61 فیصد تک پہنچ گئیں۔

براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 2.8 فیصد کمی ہوئی اور حجم ایک ارب 78 کروڑ ڈالر رہا جبکہ 10 ماہ میں اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر بڑھ کر 11.4 ارب ڈالر رہے۔

جولائی تا اپریل ٹیکس ریونیو میں 26.3 فیصد اضافہ ہوا اور 9300 ارب روپے وصول کیے گئے جبکہ نان ٹیکس ریونیو 69.9 فیصد اضافے سے 4 ہزار 99 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

خیال رہے کہ عیدالالضحٰی کی آمد کی وجہ سے بھی مہنگائی میں‌اضافہ ہو رہا ہے، جس میں‌ مصالحہ جات، سبزیوں اور دیگر اشیاء کی قیمتوں‌میں‌اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ پنجاب میں‌ مرغی کے گوشت کی بڑھتی ہو ئی قیمتوں پر وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی نوٹس لیا ہے.

اس کے علاوہ بجٹ کی آمد سے قبل بھی مختلف اشیاء سٹاک کرنے کی وجہ سے بھی قیمتوں میں‌اضافہ ہو رہا ہے.

اپنا تبصرہ لکھیں