405083 5614733 updates

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں‌ بیگمات اور رشتہ داروں کو نوازنے کے الزام پر برطرف ملازمین کی مشروط بحالی کا حکم

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ملازمین کو مشروط طور پر بحال کردیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ملازمین کی بحالی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی جس سلسلے میں سرکاری وکیل اور دیگر حکام پیش ہوئے۔

سرکاری وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین کوبیگمات اور عزیز و اقارب کو فنڈز سے نوازنےکےالزام میں برطرف کیاگیا۔

ملازمین کے وکیل نے کہا کہ بی آئی ایس پی ملازمین نے اختیارات سے تجاوز کرکےکسی کو فائدہ نہیں پہنچایا، جن ملازمین نے بیگمات کو فنڈز دیئے، ان کی تنخواہیں امداد کی شرط کی حد سے کم ہیں، قانون میں ممانعت نہیں کہ اپنےمستحق رشتہ داروں کوبی آئی ایس پی کارڈ نہیں دیاجاسکتا۔

سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ ملازمین کی بحالی کے بعد ان کے خلاف قواعد کے مطابق انکوائری ہوگی جو تین ماہ میں مکمل ہوگی، اس دوران تنخواہ بحال نہیں ہوگی اور اگر انکوائری تین ماہ میں مکمل نہیں ہوئی تو تنخواہ کی ادائیگی شروع ہوجائے گی۔

یاد رہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں‌گریڈ ایک سے گریڈ 21 تک کے سرکاری ملازمین کے ساتھ ان کی بیگمات اور رشتہ داروں کو غیر قانونی طور پر نوازے جانے کا انکشاف ہوا تھا، جس پر ملک بھر میں‌کئی ملازمین کو ذمہ دار قرار دے کر برطرف کرنےکا حکم دیا گیا تھا.

اپنا تبصرہ لکھیں