نمائندگان: لاہور کے علاقہ ستوکتلہ میں فائرنگ سے باپ، بیٹا جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے ستوکتلہ میں ملزمان نے فائرنگ کر کے باپ بیٹے کو قتل کر دیا۔ فائرنگ کا واقعہ پسند کی شادی کے باعث پیش آیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کے بیٹے احسن نے پسند کی شادی کی تھی، جس پر لڑکی کے ورثا نے رنجش میں فائرنگ کی، فائرنگ کے وقت احسن گھر پر موجود نہیں تھا۔
سوات کے علاقے فتح پور میں خاندانی جھگڑے پر بیٹے نے والد اور بھائی کو قتل کر دیا۔
فتح پور کے گاؤں سینے میں فائرنگ سے عمرزادہ اور اس کا بیٹا ارشد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واردات میں مقتول کا بیٹا حسیب اللہ، پوتا اسداللہ اور دیگر 5 نامعلوم افراد ملوث ہیں۔ لاشوں کو خوازہ خیلہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق خاندانی جھگڑے پر بیٹے نے فائرنگ کی، واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، مقتول کی بیوہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
راولپنڈی کے علاقے رتہ امرال سے گزشتہ روز لاپتہ ہونے والی کمسن بچی کی لاش نالے سے مل گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق تقریباً ایک سال کی بچی کو نالے میں پھینکے والا ملزم بھی کم عمر اور اس کا کزن ہے۔ جس پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مرنے والی بچی کا نام مریم ہے جو وحید کالونی میں اپنی بڑی بہن معصومہ کے ساتھ گلی میں کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوئی۔ بچی کی دادی مسرت بی بی کی درخواست پر تھانہ رتہ امرال میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچی کو اس کا کزن اٹھا کر لے جا رہا ہے۔ ملزم بھی کم عمر ہے۔ زیر حراست بچے نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ کزن اچھی نہیں لگتی تھی اس لئے اسے نالے میں پھینک دیا۔
بچی کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ جبکہ پولیس نے گرفتار کمسن ملزم کو عدالتی حکم پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو بھجوا دیا۔