حیدرآباد+بوریوالہ:وکلاء کی جانب سے مختلف سرکاری افسران کے خلاف مطالبات کی منظوری کے لئے احتجاج جاری ہے، حیدرآباد میں دھرنا اور بوریوالہ میں تحصیلدار کے دفتر کو تالے لگا دیئے گئے.
حیدرآباد میںوکلاء کی جانب سے احتجاج کئی ہفتوں سے جاری ہے، جس میں وکیل کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے خلاف شروع ہونے والے احتجاج میںایس ایس پی حیدرآبادکے تبادلے کا مطالبہ کیا گیا.
حکومت کی جانب سے ایس ایس پی کو رخصت پر بھیجنےکے بعد ختم ہونے والا احتجاج دوبارہ تعیناتی پر شروع ہوا، جو گزشتہ 7 روز سے جاری ہے. جس میںکراچی بار ایسوسی ایشن، پنجاب بار کونسل اور بلوچستان بارکونسل نے بھی اظہار یکجہتی کیا.
اس ضمن میںینگ لائرزحیدرآباد کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ،وزیر داخلہ اور آئی جی پولیس کو بھجوائی گئی درخواست میںکہا گیا ہے کہ ہم حیدرآباد کے ایس ایس پی کے فوری تبادلے کی باضابطہ درخواست کرتے ہیں، کیونکہ انتظامی خدشات، امن و امان کے مسائل، بدانتظامی یا عوامی بے اعتمادی جیسے سنگین معاملات سامنے آئے ہیں۔
حیدرآباد کی موجودہ صورتحال نے شہریوں، وکلاء اور سول سوسائٹی کے لیے سنجیدہ خدشات پیدا کر دیے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ موجودہ ایس ایس پی کی تبدیلی اور کسی زیادہ اہل افسر کی تعیناتی سے عوام کا اعتماد بحال ہوگا اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔
ان خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہم سندھ حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے حیدرآباد کے لیے نیا ایس ایس پی مقرر کیا جائے۔ہم امید کرتے ہیں کہ آپ اس اہم معاملے پر فوری توجہ دیں گے اور ضروری اقدامات کریں گے۔
بوریوالہ تحصیلدار دفتر میں وکلاء نے احتجاج کرتے ہوئے دفتر کو تالے لگا دیئے۔ وکلاء کا مؤقف تھا کہ تحصیلدار وہاڑی میں بیٹھ کر رجسٹریاں کر رہے ہیں، جبکہ بورے والا میں سائلین کی تعداد زیادہ ہونے کے باوجود رجسٹریاں نہیں ہو رہی ہیں۔ جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہے.
چوہدری محمد وقاص نذیر چھینہ،صدر بار ایسوسی ایشن بوریوالہ کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر وہاڑی کو فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے اور تحصیلدار کو یہاں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا پابند بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر آج ہمارے مطالبات پورے نہیں کیے گئے تو کل اسسٹنٹ کمشنر بورے والا کے دفتر کو بھی تالے لگا دیئے جائیں گے،اور اس کے ساتھ ساتھ ریونیو بورڈ مکمل بند کریں گے.وکلاء کے مطالبہ پرڈپٹی کمشنر وہاڑی نے تحصیلدار وہاڑی محمد جاوید سے اضافی چارج واپس لیتے ہوئے تحصیلدار بوریوالہ عمران فانی کے ٹریننگ کورس سے واپس آنے تک نائب تحصیلدار وسیم سجاد کو چارج تفویض کر دیا ہے.