اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن نے اسلام آباد، پشاور، سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کےلیے ناموں کی منظوری دیدی۔
اسلام آباد، پشاور، سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹس کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کیلئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں ناموں پر اتفاق کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی تعیناتی کےلیے جسٹس عتیق شاہ، جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ارشد علی کے ناموں پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں جسٹس عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات کرنے پر اتفاق کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کےلیے جسٹس روزی خان، جسٹس کامران اور جسٹس اقبال کاسی کے ناموں پر غور کیا گیا۔ جسٹس روزی خان کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے لیے جسٹس جنیدغفار، جسٹس ظفر راجپوت اور جسٹس اقبال کلہوڑو کےناموں پرغور کیاگیا، جسٹس محمد جنید غفار کے نام پر اتفاق کرلیا گیا، جسٹس جنید غفار سندھ ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس ہوں گے۔
جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جسٹس سرفراز ڈوگر کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی کی منظوری دیدی گئی۔
ذرائع کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ نے اجلاس کی کارروائی کے دوران اعتراض اٹھایا کہ 26 ویں آئینی ترمیم پر پہلے فیصلہ ہونا چاہئے، جسٹس منیب اختر نے بھی جسٹس منصور علی شاہ کی رائے کی حمایت کی۔ پی ٹی آئی کے 2 ممبران اور وزیر قانون خیبرپختونخوا نے بھی جسٹس منصور علی شاہ کی رائے سے اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن کے13مستقل اراکین ہیں تاہم ہائیکورٹ کےچیف جسٹس کے لیے کمیشن کے ممبران کی تعداد 16 تھی، جبکہ کم ازکم 9 ممبران کی اکثریت سے چیف جسٹسز کا تقرر کیاگیا۔
جوڈیشل کمیشن میں چیف جسٹس پاکستان، سپریم کورٹ کے 4 ججز، اٹارنی جنرل، 2 حکومتی اراکین اور 2 اپوزیشن اراکین شریک ہوئے۔
جوڈیشل کمیشن میں پاکستان بار کی نمائندگی احسن بھون نے کی اور جوڈیشل کمیشن میں سپیکر قومی اسمبلی کی نامزد روشن خورشید بھروچہ بھی شریک تھیں۔
ہر صوبے کے چیف جسٹس کے لیے صوبائی وزیر قانون، ہائیکورٹ بار نمائندہ اور سابق جج شریک ہوا، جوڈیشل کمیشن کے 16 ممبران میں سے کم از کم 9 ممبران کی اکثریت سے چیف جسٹس کا تقرر کیاگیا۔