406907 2011239 updates

جسٹس بابر ستار کا رولز تبدیلی پر قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سمیت دیگر ججز کو خط

اسلام آباد: ہائیکورٹ کے رولز تبدیلی کے معاملے پر جسٹس بابر ستار نے قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سمیت دیگر ججز کوخط لکھ دیا۔

جیو نیوز کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر اور دیگر ججز کو کو لکھے گئے خط میں جسٹس بابر ستار نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ رولز 2025ء کا گزٹ نوٹیفکیشن مجھے موصول ہوا، آئین کے آرٹیکل 208 کے تحت اتھارٹی کے پاس رولز بنانے کا اختیار ہے اور آرٹیکل 192 کے مطابق اتھارٹی سے مراد چیف جسٹس اور ہائیکورٹ کے ججز ہیں۔

جسٹس باہر ستار نے کہا کہ لاہورہائیکورٹ رولز اور آرٹیکل 208 میں ذکرکردہ طریقے کےخلاف رولز میں تبدیلی ہوئی، بغیر فل کورٹ میٹنگ رولز تبدیلی خلاف قانون ہے اور فوری درستگی کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

جسٹس بابر نے کہا کہ یہ اختیار کسی اورکو نہیں دیا جا سکتا، نا کسی اورطریقے سے استعمال ہو سکتا ہے، طے شدہ اصول ہے جس قانون کے تحت صوابدیدی اختیارملا وہ قانون میں تبدیلی کےبغیرکسی دوسرے کونہیں دیےجاسکتے، لاہورہائیکورٹ رولز جو اسلام آباد ہائیکورٹ نےاختیار کیے ان میں آرٹیکل 208 کا اختیارکسی اورکو نہیں دیاگیا۔

خط میں مزید کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ رولز2025ء لیگل اتھارٹی کے بغیر ہیں اور رولز 2025ء آرٹیکل 208 کی خلاف ورزی میں بنے ہیں، لاہورہائیکورٹ رولز جو اسلام آباد ہائیکورٹ نے اختیارکیے ہوئے ہیں ان کے مطابق یہ خلاف قانون ہے۔

جسٹس بابر ستار نے کہا کہ غلطی کی تصحیح فوری ہونی چاہیےکیونکہ اس سےملازمین کے حقوق بھی متاثر ہوں گے، ملازمین کے حقوق متاثر ہونےکے علاوہ بھی یہ ہائیکورٹ کے لیے شرمندگی کاباعث ہوگا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دیگر ہائیکورٹس سے ججز کے تبادلہ کے بعد مختلف تنازعات جاری ہیں‌اور سنیارٹی کا معاملہ آئینی بینچ سپریم کورٹ‌میں‌بھی زیر سماعت ہے.

اپنا تبصرہ لکھیں