اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن آف پاکستان میںپاکستان بار کونسل کے نمائندہ اختر حسین ایڈووکیٹ جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے۔
سینئر قانون دان اختر حسین نے اپنے استعفیٰمیں لکھا ہے کہ پاکستان بار کونسل نے مجھےآئین پاکستان 1973ء کے آرٹیکل 175 (A) (2) (vi)کے تحت 3 مرتبہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا رکن نامزد کیا، میں اپنی ذمہ داریاں اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق انجام دیتا رہا۔
اختر حسین نے مزید لکھا کہ حالیہ عدالتی تقرریوں سے متعلق تنازعات کی بناء پر میں مزید کام جاری نہیں رکھ سکتا، اس لئےمیں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی رکنیت سے مستعفی ہوتا ہوں، اپنے استعفیٰ کی نقل پاکستان بار کونسل کو ارسال کر رہا ہوں تاکہ آئین کے تحت میری جگہ نیا نامزد رکن مقرر کیا جا سکے۔