اسلام آباد: قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سردار محمد سرفراز ڈوگر نے جسٹس بابر ستار کے پرائیویٹ سیکرٹری کے دیگر ہائیکورٹس سے ٹرانسفر ہو کر آنے والے عدالتی عملے سے متعلق سائلوں سے مبینہ رشوت ستانی کی شکایات کے خط کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار یار محمد ولانہ نے جسٹس بابر ستار کے پرائیویٹ سیکرٹری محمد سعید کی جانب سے لکھے گئے خط کا معاملہ قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے سامنے رکھا تھا۔
قائم مقام چیف جسٹس نے رجسٹرار یار محمد ولانہ اور ایڈیشنل رجسٹرار سٹیبلشمنٹ رائے محمد خان پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے تین دن میں رپورٹ طلب کر لی گئی۔
جسٹس بابر ستار کی ہدایت پر ان کے پرائیویٹ سیکرٹری نے خط میں لکھا تھا کہ دیگر ہائی کورٹس سے تبدیل ہوکر آنے والا سٹاف سائلوں اور وکلاء کا پیچھا کرکے ان سے رقم کا مطالبہ کرتا ہے۔ اگر ایسے مطالبات کی رپورٹس درست ثابت ہوں تو ملوث عملے کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
بشکریہ سماء ویب نیوز