WhatsApp Image 2026 11 25 at 07.55.23

پنجاب کے فنکاروں کا تھیٹر ایکٹ فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ

لاہور: پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک گول میز اجلاس کے شرکاء نے پنجاب ڈرامیٹک و تھیٹریکل پرفارمنسز بل 2026 کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون سازی فنکارانہ آزادی اور آزادیِ اظہار کے بنیادی حق کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
WhatsApp Image 2026 11 25 at 07.53.23
اجوکا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ڈرامہ نگار شاہد ندیم نے نشاندہی کی کہ اس بل کی منظوری سے قبل متعلقہ فریقین اور فنکار برادری کے ساتھ مشاورت تو درکنار انہیں مسودہ قانون دکھایا تک نہیں گیا اور یہ کہ فنکاروں کو اس کی منظوری کی اطلاع ذرائع ابلاغ کے ذریعے ملی۔

انہوں نے بل میں ’فحاشی‘، ’عریانی‘ اور ’بے اطمینانی‘ جیسی مبہم اصطلاحات کے استعمال پر سوالیہ نشان اٹھایا۔ انہوں نے فنکاروں کی لازمی رجسٹریشن، تھیٹر مقامات کے لائسنس اور پرفارمنس سے قبل ڈراموں کے مسودوں کی جانچ پڑتال کی شرائط پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ یہ بل ڈرامیٹک پرفارمنسز ایکٹ 1876 سے بھی زیادہ جابرانہ ہے، جس کی جگہ یہ نیا قانون متعارف کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اولو موپولو کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور فلم ساز کنول کھوسٹ نے خبردار کیا کہ فنکاروں کی لازمی رجسٹریشن سے صنفی اور سیاسی اظہارِ رائے کی آزادی محدود ہو جائے گی۔

معروف لکھاری اور ایچ آر سی پی کے سیکریٹری جنرل حارث خلیق کا ماننا تھا کہ فنکارانہ اظہار کو رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے نظام کے تابع نہیں ہونا چاہیے اور ساتھ ہی انہوں نے بل کی منسوخی کا مطالبہ کیا۔

تھیٹر کے سینئر فنکار ملک اسلم نے سوال اٹھایا کہ انٹریکٹو تھیٹر (Interactive Theatre) کو سنسرشپ کے تابع کیسے کیا جا سکتا ہے؟ جبکہ کلاسیکی رقاص مان سعید نے پنجابی اور اردو زبانوں میں اظہارِ خیال اور زبان کی مختلف تشریحات کی جانب توجہ مبذول کرائی اور یہ سوال اٹھایا کہ فنکار ہونے کی اہلیت کا تعین کرنے کا اختیار کس کے پاس ہوگا؟.
WhatsApp Image 2026 11 25 at 07.51.39
شرکاء نے فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد اور محنت کشوں کی تحریکوں کے درمیان جڑتکی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ایچ آر سی پی پنجاب چیپٹر کے نائب چیئر حنیف رامے نے فن کاروں کے لیے ٹریڈ یونینز کی حمایت کا یقین دلایا، جبکہ لوک سجاگ کے سربراہ طاہر مہدی نے احتجاج کے ایک طریقے کے طور پر پنجاب اسمبلی کے باہر عوامی اسٹریٹ پرفارمنس منعقد کرنے کی تجویز پیش کی۔خواجہ سرا سوسائٹی کی صبو ملک نے خبردار کیا کہ کمرشل تھیٹر کی خامیوں کو بنیاد بنا کر پوری تھیٹر برادری پر پابندیاں عائد کرنا درست نہیں ہے.

ایچ آر سی پی کی ڈائریکٹر فرح ضیا نے واضح کیا کہ کمرشل تھیٹر سے وابستہ فنکار بھی آزادیِ اظہار کے حق کے مستحق ہیں۔ شرکاء کا کہنا تھا یہ بل فنکارانہ اظہار کو انتظامیہ کے کنٹرول میں دینے اور معاشرے میں سنسرشپ اور خود ساختہ سنسرشپ کی فضا پیدا کرنے کی ایک ناقابلِ قبول کوشش ہے۔

ان کا اتفاق تھا کہ فنکارانہ آزادی میں یہ حق بھی شامل ہے کہ فنکار طنز، تنقید اور اختلافِ رائے کے ذریعے مقتدر حلقوں سے سوال کریں اور معاشرے میں رائج تصورات، رویوں اور سماجی اقدار کو چیلنج کر سکیں۔

شرکاء نے گورنر پنجاب سے پُرزور مطالبہ کیا کہ وہ بل کی توثیق نہ کریں اور اسے مزید غور و خوض کے لیے پنجاب اسمبلی کو واپس بھیجیں، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ یہ قانون آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 19 اور آزادیِ اظہار کے تحفظ سے متعلق پاکستان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کا مرتکب نہ ہو۔

اپنا تبصرہ لکھیں