اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں اضافہ نہیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ صنعتی شعبے کے لیے نرخ میں اضافے کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جہاں وزارت پٹرولیم کی جانب سےصنعتی شعبے (کیپٹو پاور)اور غیر محفوظ گھریلو صارفین کے لیے گیس ٹیرف میں اضافے کی تجویز پر غور کیا گیا۔
ای سی سی نے تفصیلی غور و خوض کے بعد مالی سال 25-2024 کے دوران گیس کے شعبے کے لیے مطلوبہ آمدنی کو یقینی بنانے کے لیے کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس ٹیرف میں اضافے کی منظوری دے دی۔اجلاس میں کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کے نرخ 3 ہزار روپے سے بڑھا کر 3 ہزار 500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دیئے گئے ہیں۔ای سی سی نے گھریلو صارفین کے لیے گیس نرخوں میں اضافہ نہیں کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ گھریلو صارفین پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔
اجلاس میں ای سی سی نے توانائی کے شعبے کی بہتری کے لیے گرڈ ٹرانزیشن لیوی نافذ کرنے کی ہدایت کی تاکہ توانائی کے شعبے کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے گا۔