گوجرخان:خاتون ٹریفک اہلکار کی جانب سے کم سن بچوں پر مبینہ تشدد اور ناروا سلوک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں مبینہ طور پر ٹریفک اہلکار کو ایک بچے کو تھپڑ مارنے، گریبان سے پکڑنے اور جھنجھوڑنے کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر بھاری چالان کے خوف سے والد نے بچوں کو ٹریفک اہلکار کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔
واقعے کی ویڈیو سامنے آنے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ قانون کی پاسداری اپنی جگہ، تاہم کم سن بچوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی ناانصافی پر مبنی ہے۔
شہریوں نے ٹریفک پولیس کے اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات اور ذمہ دار اہلکار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے لیڈی وارڈن کو معطل اور چارج شیٹ کردیا، سی ٹی او نے واقعے کی محکمانہ انکوائری کا بھی حکم دے دیا۔
