ویب نیوز:خضدار کی تحصیل نال میں دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔ ایس ایچ او پولیس نال کے مطابق دھماکا بازار کے قریب ہوا۔
پولیس کے مطابق خضدار کی تحصیل نال میں دھماکے کے بعد ایک گاڑی اور موٹر سائیکلوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے موقع پر موجود 7 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں خضدار ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے، علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔پولیس کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہونےوالے 3 افراد کی شناخت عبیداللہ، منیر احمد اور نادر کے نام سے ہوئی ہے۔ایس ایچ او نال بہاول خان کا کہنا ہے کہ دھماکا آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا جو موٹر سائیکل میں نصب تھا۔
بلوچستان حکومت نے تحصیل نال میں دھماکے کی مذمت کردی، ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، دہشتگرد عناصر عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، بزدلانہ کارروائیاں امن و امان سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
اس طرح سانگھڑ کے علاقے پیرومل میں گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا، ایک شخص زخمی ہوگیا، واقعے میں 8 دکانیں اور لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق سانگھڑ کے علاقے پیرو مل میں ویلڈنگ کی دکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے دھماکا ہوا، واقعے میں گھاس سے بنی 8 دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دکانوں میں موجود لاکھوں روپے کا قیمتی سامان جل گیا، آگ لگنے سے ایک دکاندار سنیل کمار 20 فیصد جھلس گیا، جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔