ملتان: چیف کمشنر ان لینڈ ریونیوڈاکٹر محمدسرمد قریشی نے کہاہے کہ ملازمین کی تنخواہوں سے ٹیکس کٹوتی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، تنخواہوں سے اب نئے ریٹ پر ٹیکس کٹوتی ہوگی،جس سے ایف بی آر کی آمدن میں اضافہ ہوگا، اس حوالے سے ملازمین کو سہولیات کی فراہمی اور آگاہی کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
ریجنل ٹیکس آفس ملتان کے کانفرنس روم میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہاکہ کمشنر ودہولڈنگ زون محمد اسلم جامرو کے زیراہتمام ملازمین کی تنخواہوں پر ٹیکس کٹوتی کے قانون انڈر سیکشن 149 انکم ٹیکس آرڈیننس2001ء بارے شعور آگاہی سیمینار کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے جس پر ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ملتان زون، ڈی جی خان زون، یونیورسٹیوں اور سرکاری اداروں کے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسرز سمیت ودہولڈنگ ایجنٹس نے سیمینار میں بھرپور شرکت کی۔
کمشنر ودہولڈنگ زون محمد اسلم جامرو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ہرسال اضافہ ہوتا ہے جبکہ ٹیکس محصولات 2ارب کے بجائے ایک ارب 50کروڑ آرہے ہیں۔ 50کروڑ کمی کو پورا کرنے کیلئے سیمینار میں "ان کائنڈ آر کیش ریٹس” بارے تربیت حاصل کرکے ودہولڈنگ ایجنٹس ایف بی آر کے نئے ریٹس پر محصولات میں بہتری لائیں۔
آفیسر (آئی آر) ودہولڈنگ ٹیکس زون اسد بلال نے ودہولڈنگ ٹیکس انڈر سیکشن149، انکم ٹیکس آرڈیننس2001ء پر مکمل تفصیلی اور بریفنگ دی جس میں تنخواہ پر ٹیکس لگانے کے دائرہ کار پر ایک جائزہ، تنخواہوں پر ٹیکس سے استثنیٰ، تنخواہ پر ٹیکس لگانے سے متعلقہ مسائل، ملازمین کی تنخواہ پر ٹیکس لگانا، ودہولڈنگ ایجنٹ/شخص کی ذمہ داریاں، انکم ٹیکس آرڈیننس2001ء کے پہلے شیڈول کے مطابق ٹیکس سیکشنز، ودہولڈنگ ٹیکس کی دفعات کی عدم تعمیل کے نتائج شامل ہیں۔
کمشنر (آئی آر) ودہولڈنگ زون محمد اسلم جامرو نے شرکاء کی بھرپور شرکت پر خیرمقدم کیا اور اس امید کا ظاہر کیاکہ تمام ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسرز اور سیلری سے متعلقہ ودہولڈنگ ایجنٹس کارکردگی کو مزید بہتر کریں اور ملتان زون کی سابقہ روایات پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کردار ادا کریں۔