938870 15287464

خاتون کو برادری کی بنیاد پر نمبردار نہیں‌بنانے کا فیصلہ کالعدم، مستقل نمبردار بنانے کا حکم

ملتان:دنیا پور میں‌خاتون کو مستقل نمبردار مقرر نہیں‌کرنے کے احکامات کالعدم قراردیتے ہوئے مستقل نمبردار تعینات کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا.
414418 6265538 updates
لاہور ہائیکورٹ نے خاتون کو مستقل نمبردار مقرر کرنے کا حکم دیتےہوئےقرار دیا کہ خواتین کو عوامی عہدوں میں برابر مواقع فراہم کرنا آئینی تقاضا ہے اور قابل خواتین کو سماجی تعصب کی بنیاد پر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے 8 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا، فیصلے کے مطابق عدالت نے برادری کی بنیاد پر خاتون امیدوار کے نمبر کم کرنے کا اقدام غیر قانونی قرار دے دیا۔عدالت نے ڈپٹی کمشنر لودھراں اور بورڈ آف ریونیو کا خاتون کو نمبردار مقرر نہیں کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

یاد رہے کہ تحصیل دنیاپور ضلع لودھراں میں مستقل نمبردار کے انتقال کے بعد عہدہ خالی ہوا۔تحریری فیصلہ میں بتایا گیا کہ نمبردار کے انتقال کے بعد درخواست گزار نے مستقل نمبردار بننے کیلئے درخواست جمع کرائی، درخواست گزار کے مطابق اسے برداری کے نام پر زیرو نمبر دے کر میرٹ سے باہر کیا گیا، ریکارڈ کے مطابق درخواست گزار کے والد اسی گاؤں کے مستقل نمبردار رہے تھے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ اگر والد نمبردار رہ سکتے تھے تو بیٹی کو برادری کی بنیاد پر نااہل نہیں قرار دیا جا سکتا، اسسٹنٹ کمشنر نے ازسرنو جائزے کے بعد درخواست گزار کو میرٹ پر پہلے نمبر پر رکھا تھا، ڈپٹی کمشنر نے بعد ازاں سب برادری کو بنیاد بنا کر درخواست گزار کے نمبر کم کر دیئے، درخواست گزار کلثوم اختر نے مستقل نمبردار نہیں بنائے جانے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

تحریری فیصلے میں بتایا گیا کہ درخواست گزار کو دیہی معاملات، ریونیو امور اور عوامی رابطے کا وسیع تجربہ حاصل تھا، نمبردار کی تقرری کسی کا پیدائشی حق نہیں بلکہ عوامی ذمہ داری ہے، انتظامی اختیارات من مانے انداز میں استعمال نہیں کئے جا سکتے۔

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ بورڈ آف ریونیو قانونی تضادات اور میرٹ کا درست جائزہ لینے میں ناکام رہا، عدالت نے محمد اعظم کی بطور مستقل نمبردار تقرری کالعدم قرار دے دی، عدالت نے کلثوم اختر کو مستقل نمبردار مقرر کرنے کا حکم دے دیا.

فاضل عدالت نے متعلقہ ریونیو حکام کو 30 روز میں تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں