نمائندگان: تھانہ سرائے سدھو کے علاقے اولکھ سندھو قبرستان میں فائرنگ اور چاقوؤں و خنجروں سے حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت حق نواز کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں خضر حیات، ثمر عباس اور اظہر عباس شامل ہیں، جو آپس میں سگے بھائی ہیں، دیگر زخمیوں کی شناخت اور حالت کے حوالے سے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے قبرستان آئے تھے کہ اس دوران مخالفین نے ان پر حملہ کر دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ چند روز قبل مقتول اور زخمی افراد کے بچوں کی رانا برادری کے بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کے دوران تلخ کلامی ہوئی تھی، جسے واقعے کی ممکنہ وجہ قرار دے کر مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سرائے سدھو پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش و زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کبیروالا منتقل کر دیا۔تاہم ورثاء نے احتجاجاً جھنگ روڈ بلاک کر دی، تاہم پولیس کی جانب سے ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کرتے ہوئے سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب موٹروے ایم-5 پر تیز رفتاری کے باعث لیموں سے بھرا مزدا ڈالا بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گرا اور الٹنے کے نتیجے میں ایک بھائی جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق افسوسناک حادثہ موٹروے ایم-5 پر پول نمبر 733 کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتاری کے باعث مزدا ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی الٹ گئی۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی میں دو سگے بھائی سوار تھے، حادثے کے نتیجے میں 26 سالہ عصمت اللہ سر پر شدید چوٹ لگنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ 30 سالہ اسد اللہ زخمی ہوگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد نشتر ہسپتال منتقل کر دیا، جاں بحق ہونے والے نوجوان کی لاش بھی ضروری کارروائی کے لیے نشتر ہسپتال منتقل کی گئی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

