اسلام آباد:قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی نے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ اور مراعات وفاقی سیکرٹری کے برابر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق فنانس کمیٹی کی ایم این ایز اور سینیٹرز کی تنخواہ و مراعات میں اضافے کی منظوری دی ہے،سپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی نے اضافےکی متفقہ منظوری دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم این اے اور سینیٹر کی تنخواہ و مراعات 5 لاکھ 19 ہزار مقرر کرنے کی منظوری دی،جس پر سپیکر نے فنانس کمیٹی کی سفارشات حتمی منظوری کےلئے وزیراعظم شہبازشریف کو بھجوا دیں۔
تنخواہوں اور مراعات کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ سمیت دیگر جماعتیں ہم آواز ہیں اور ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے 67 اراکین نے بھی تنخواہوں میں اضافے کا تحریری مطالبہ کیا تھا۔ذرائع نے بتایاکہ تمام کٹوتیوں کے بعد وفاقی سیکرٹری کی تنخواہ اور الاؤنسز 5 لاکھ 19 ہزار ماہانہ ہیں، اراکین پارلیمنٹ کو سہولیات بھی وفاقی سیکرٹری کے مساوی حاصل ہونگی۔
پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ نے تنخواہ 10 لاکھ روپے ماہانہ کا مطالبہ کیا تھا لیکن سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے 10 لاکھ روپے تنخواہ کی تجویز مسترد کی۔