سوات: پرفضا مقام کالام میں اندراب جھیل کے قریب گلیشیئر گرنے سے سیاح جاں بحق ہوگیا۔
ترجمان یو ایس ڈی اے کے مطابق بہاولپورکےرہائشی سیاح عبدالواجد کی میت کالام ہسپتال منتقل کردی گئی، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب سیف اللہ جھیل سوات کشتی حادثہ کی انکوائری رپورٹ کے پی حکومت کو ارسال کردی گئی۔
انکوائری رپورٹ میں پولیس،پی ڈی ایم اے،ریسکیوون ون ٹو ٹو،ٹورازم اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے ذمہ دارقرار دے دئیے گئے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق سوات میں دفعہ144نافذ تھی،کشتی رانی اور نہانے پر پابندی تھی، تاہم پولیس اور ضلعی انتظامیہ دفعہ 144 پرعملرآمد کروانے میں ناکام رہی.
پابندی کے باوجود تیراکی پر 103 مقدمات درج ہوئے مگر کشتی رانی کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیںکیا گیا ، واقعہ کے دن ٹورازم پولیس کے 37 میں سے17 اہلکار چھٹی پر تھے۔ ریسکیو 1122 ایمبولینس واقعےکی جگہ پہنچنے اور واپس آنےکے دوران دو مرتبہ خراب ہوئی، کالام کے ہسپتال میں ڈیڈ باڈیز کا معائنہ کرنے کےلیے خاتون ڈاکٹر نہیں تھی۔
انکوائری رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ تمام کشتیوں کی رجسٹریشن کرائی جائے، غیر رجسٹرڈ کشتیوں کو پانی میں نہ جانے دیا جائے، دفعہ 144 نافذ ہے، تو اس پر پوری طرح عمل درآمد کروایا جائے، ہر کشتی میں لائف جیکٹس کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔
واضح رہےکہ سوات میں یکم جولائی کو جھیل سیف اللہ میں کشتی الٹ جانےسے7 افراد کےڈوبنےکا واقعہ پیش آیا تھا۔

