ملتان:پاکستانی آم کو یورپ کی مارکیٹ تک رسائی اور ایکسپورٹ کوالٹی آم کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان ہارٹیکلچر ڈیولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی نے رواں سال بھی ڈیڈھ لاکھ مینگو پروٹیکشن بیگ آم کے کاشتکاروں کو مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد دنیا بھر میں اپنے ذائقے اور خوشبو کی وجہ سے پہچاننے جانے والے پاکستانی آم کو یورپین ممالک کی ڈیمانڈ کے مطابق تیار کرناہے۔

وفاقی حکومت کے اس پروجیکٹ کے تحت پاکستانی آم جاپان، جنوبی کوریا، یورپی یونین، ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور چین کی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکے گا، کیونکہ ان ممالک میں بیماریوں سے پاک آرگینک طریقے سے تیار کردہ آم کو ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔
اس سلسلے میں پاکستان ہارٹیکلچر اینڈ ایکسپورٹ کمپنی کے زیر اہتمام سیمینار 6 مئی کو دن 10 بجے قاسم بیلہ ملتان میں منعقد کیا جائے گا، جس میں آم کے کاشتکاروں کو مینگو پروٹیکشن بیگز کے استعمال کی باقاعدہ ٹریننگ دی جائے گی۔ قبل ازیں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے دفتر میں مثالی کاشتکاروں میں مینگو پروٹیکشن بیگز مفت تقسیم کیے جائیں گے۔
