اسلام آباد: وزارت داخلہ نے کہا ہےکہ 2 سالوں میں کورئیرپارسل کمپنیوں کے ذریعے منشیات سمگلنگ کے 344کیسز رجسٹر ہوئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ 2 سالوں میں کورئیرپارسل کمپنیوں کے ذریعے منشیات سمگلنگ کے344کیسز رجسٹر ہوئے۔
تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ 70 کیسز میں منشیات ملک کےاندر اور 174میں بیرون ملک لے جانے کی کوشش اے این ایف نے ناکام بنادی، تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کے لیے 349 آپریشنز کیے گئے۔
تحریری جواب میں مزید بتایا گیا ہے کہ 400 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے 1393 کلو منشیات ضبط کی گئی جب کہ سال 2024 میں 392 منشیات فروشوں کو سزا بھی سنائی گئی۔
اس کے علاوہ بیرون ملک سےملک بدربھکاریوں سے متعلق تحریری تفصیلات بھی وزارت داخلہ نے قومی اسمبلی میں جمع کرادیں۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ 2024 سے اب تک بیرون ممالک سے 5 ہزار 402 پاکستانی بھکاریوں کو ملک بدر کیا گیا جن میں سعودی عرب، عراق، ملائیشیا، یو اے ای، قطر اور عمان سے پاکستانی بھکاریوں کو ملک بدرکیاگیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق سعودی عرب سے 4498، عراق سے 242، ملائیشیا سے 55 اور یو اے ای سے 49 پاکستانی بھکاری ملک بدر کئے گئے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی میںوقفہ سوالات کے دوران ممبران اسمبلی کی جانب سے اٹھائے گئے نکات پر وزارت داخلہ کی جانب سے رپورٹ پیش کر دی گئی ہے، جس پر مزید کارروائی کے لئے معاملہ سپیکر کے احکامات کے مطابق ہو گا.