لاہور:پنجاب میں اپنی نوعیت کی پہلی اور سب سے بڑی کاروبارفنانس سکیم کا اجراء ہو گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب آسان کاروبارسکیم کے تحت 84 ارب روپے سے زائد جبکہ آسان کاروبار کارڈ سکیم کے لئے 48 ارب روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں۔
آسان کاروبار فنانس سکیم میں 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے دیئے جائیں گے،اس ا سکیم کے تحت حاصل کیا گیا قرض 5 سال کی آسان اقساط میں واپس کیا جا سکے گا۔
25 سے 55 سال تک پنجاب کے رہائشی مرد و خواتین،ٹرانسجینڈر اور سپیشل افراد قرض کے لئے اپلائی کر سکتے ہیں، قرض حاصل کرنے کیلئے ایکٹیو فائلر ہونا ضروری اور کسی بھی مالیاتی ادارے کا ڈیفالٹر نہیں ہونا اہلیت قرار دی گئی ہے۔
آسان کاوربار فنانس سکیم کے لئے گھر بیٹھے آن لائن درخواست اور تفصیلات کے لئے ویب پورٹل پر اپلائی کیا جا سکتا ہے،آسان کاروبار فنانس کے لئے akf.punjab.gov.pk پر اپلائی کیا جاسکتا ہے۔
آسان کاروبار کارڈ سکیم میں سٹارٹ اپ اور چھوٹے کاروبار کیلئے 10 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرض دیئے جائیں گے۔آسان کاروبار کارڈ کے تحت قرض 3 سال میں آسان اقساط میں ادا کیا جا سکتا ہے، پنجاب کے رہائشی مرد و خواتین،ٹرانسجینڈر اورسپیشل افراد آسان کاروبار کارڈ کے لئے اپلائی کر سکتے ہیں۔آسان کاروبار کارڈ کے لئے پورٹل akc.punjab.gov.pkپر اپلائی کیا جا سکتا ہے۔
آسان کاروبار کارڈ کے لئے خام مال کی خریداری پر وینڈر کو ادائیگی کی جا سکے گی،آسان کاروبار کارڈ کے ذریعے سرکاری فیس،ٹیکس اور یوٹیلیٹی بل کی ادائیگی ممکن ہو سکے گی،آسان کاروبار کارڈ کے ذریعے 25 فیصد تک کیش بھی نکلوایا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو خود روزگار کی طرف گامزن کرنا چاہتے ہیں۔تعلیم کے بعد روزگار کے مواقع فراہم کرنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا ہرنوجوان معیشت کی بہتری میں آسان کاروبارسکیم کے ذریعے بھرپور کردار ادا کرے گا،اس پروگرام کے ذریعے معیشت میں بہتری اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہوگا۔