کراچی:غیرقانونی طریقے سے لیبیا پہنچنے والے 177 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرکے خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان واپس پہنچا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق یورپ جانے کے خواہشمند یہ افراد ڈنگی کے ذریعے لیبیا پہنچے تھے۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان افراد کو لیبیا بھجوانے میں ملوث ایجنٹس کے نام ریڈ بُک میں شامل کرلیے گئے ہیں جبکہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ریڈار پر آگئے ہیں۔
ڈی پورٹ ہونے والوں میں 59 افراد کا تعلق لاہور، 58 کا گجرات، 26 کا راولپنڈی اور 23 افراد کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے۔ذرائع کے مطابق 10 افراد سیالکوٹ جبکہ ایک اسلام آباد کا رہائشی ہے۔
تحقیقات کے مطابق یہ افراد ایران اور سعودی عرب کے راستے لیبیا پہنچے تھے۔
تمام ڈی پورٹیز کو ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن سمگلنگ سیل منتقل کردیا گیا ہے جبکہ بعد ازاں انہیں مختلف ایف آئی اے زونز کے حوالے کیا جائے گا۔
