ڈسٹرکٹ بار ہال ملتان میں پی ایل ایف کے رہنماء شیخ غیاث الحق اور بیرسٹر فیض رسول لابر کی جانب سے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب سے ایم این اےعلی قاسم گیلانی،خواجہ رضوان عالم،شیخ غیاث الحق،بیرسٹر فیض رسول لابر ،حبیب اللہ شاکر،اے ڈی بلوچ،رانا جاوید اختر،راؤ ساجد،صفدر سرسانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج محفوظ اور باوقار پاکستان سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کی مرہون منت ہے ۔شہید بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر سپر طاقتوں کو پیغام دے دیا کہ پاکستان ایک کمزور ملک نہیں بلکہ خود مختار اور جمہوری ملک ہے۔ شہید بھٹونے اپنی جان کی قربانی دے کر جمہوریت کو دوام بخشا، جسے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے مزید تقویت دی، اپنی جان کی قربانی کی پرواہ کئے بغیر ڈکٹیٹر کا مقابلہ کیا، جن کے نظرئیے کو لے کر آج بلاول بھٹو میدان سیاست میں موجود ہیں ۔بلاول بھٹو کی قیادت میں ہی پاکستان میں جمہوریت ،آئین و قانون کی پاسداری یقینی بنے گی ۔ تقریب کے آخر میں کیک کاٹا گیا اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے لئے دعا کرائی گئی۔