WhatsApp Image 2026 10 19 at 09.06.33

سٹیزن جرنلزم کے دور میں فیک نیوز…میڈیا لٹریسی کی ضرورت و اہمیت

صفورا امجد

ایک جھوٹی خبر عموماً ایک سچی خبر سے زیادہ تیزی سے پھیل جاتی ہے اور اکثر اوقات لوگ بناء تحقیق کیے اسے آگے بھیج کر خود بھی غلط معلومات پھیلا دیتے ہیں۔ آج کے جدید دور میں جہاں موبائل فون کے ذریعے دنیا بھر کی خبریں چند لمحوں میں ہم تک پہنچ جاتی ہیں۔ وہاں یہ جاننا ضروری ہو گیا ہے کہ کون سی خبر درست ہے اور کون سی محض افواہ پر مبنی ہے۔ جعلی خبروں کا رجحان مسلسل بڑھتا جا رہا ہے اس صورتحال میں میڈیا لٹریسی کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے.
Digitl 4 2
میڈیا لٹریسی کا اصل مقصد یہی ہے کہ انسان مختلف ذرائع ابلاغ سے موصول ہونے والی معلومات کو سمجھ سکے اور اس بات کا تنقیدی جائزہ لے سکے کہ اس خبر کے پیچھے کیا مقصد ہو سکتا ہے یا یہ خبر کس کے فائدے کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔میڈیا لٹریسی رکھنے والا شخص بناء تحقیق کسی بھی خبر کو سچ نہیں مان لیتا بلکہ مختلف ذرائع سے تصدیق کرتا ہے پھر خبر کے سچ یا جھوٹ ثابت ہونے پر اپنی رائے قائم کرتا ہے۔

بعض اوقات لوگوں کو دھوکا دینے ، یا کسی فرد یا ادارے کی ساکھ خراب کرنے کی غرض سے غلط یا گمراہ کن معلومات پھیلائی جاتی ہیں۔بات صرف یہی تک محدود نہیں رہتی ہے بلکہ کبھی کسی بیان کے صرف ایک حصے کو اپنے مفاد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جبکہ دوسرے حصے کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا جاتا ہے جس سےخبر اپنی ساکھ کھو دیتی ہے۔

بعض اوقات ایسی معلومات یا افواہوں کی اشاعت کی جاتی ہے جس سے عوام میں غصہ و افراتفری پھیلائی جائے۔ اکثر اسی طرح کا سنسنی خیز اور جذباتی مواد لوگوں کی توجہ بہت جلد حاصل کر لیتا ہے۔ لوگ حقیقت جانے بغیر ایسی پوسٹس اپنے رشتہ داروں اور دوستوں کے ساتھ شئیر کر دیتے ہیں جس کے نتیجے میں لائکس ، ویوز اور فالوورز تو حاصل کر لیے جاتے ہیں لیکن اس عمل میں خبر کی سچائی اور مقصد کہیں دب کے رہ جاتا ہے۔
Digitl 2 3
موجودہ دور کی ایک اہم ضرورت میڈیا لٹریسی ہے کیونکہ یہ صرف معلومات کا تبادلہ نہیں بلکہ ان کی سچائی جاننا اور درست و غلط معلومات میں فرق کرنا بھی سکھاتی ہے۔ انسان خبر کے ذرائع ، مقصد، پیش کرنے کے انداز اور موجود ثبوتوں کا جائزہ لینا میڈیا لٹریسی کے ذریعے ہی سیکھتا ہے۔ ہر وائرل پوسٹ درست نہیں ہوتی یا ہر تصویر حقیقت کی مکمل عکاسی نہیں کرتی ہے۔

میڈیا لٹریسی صرف صحافیوں یا میڈیا کے طلبہ تک محدود نہیں ، بلکہ ہر اس شخص کے لیے ضروری ہے جو موبائل فون یا سوشل میڈیا استعمال کرتاہے۔ میڈیا کا اصل مقصد لوگوں تک مستند معلومات پہنچانا ہے نہ کہ لائکس، ویوز اور فالورز کی دوڑ میں بھاگنا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ خبر پر یقین کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کریں اور جذبات کے بجائے حقائق کی بنیاد پر اپنی رائے قائم کریں. میڈیا لٹریسی ہمیں صرف خبر دیکھنے والا نہیں ، بلکہ خبر کو پرکھنے اور ذمہ داری سے معلومات آگے پہنچانے والا شہری بناتی ہے۔ ایک مضبوط معاشرہ اس وقت تشکیل پاتا ہے جب لوگ معلومات کو آنکھ بند کر کے قبول نہ کریں بلکہ سوال کرنا اور سچ کی تلاش کرنا سیکھیں۔

Untitled 2025 05 11T003709.473
صفورا امجد — شعبہ صحافت سے وابستہ لکھاری، جو معاشرتی حقائق اور مثبت تبدیلی کے پہلوؤں سمیت مختلف موضوعات پر لکھتی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں