WhatsApp Image 2025 02 17 at 07.33.57

یوٹیلیٹی سٹورزملازمین کا برطرفیوں اور نجکاری کے خلاف احتجاج

ملتان:یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی تمام یونینز نے ڈیلی ویجز ملازمین کے معاشی قتل کے خلاف ملتان پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں ملتان کے ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی .مظاہرین نے حکومت پاکستان اور یو ایس سی مینجمنٹ کے خلاف نعرہ بازی کی اور نکالے گئے تمام ڈیلی ویجز ملازمین کو فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے.مظاہرین کا کہناتھاکہ حکومت پاکستان اپنے وعدے کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز کی بندش یا نجکاری کا فیصلہ واپس لیکر یوٹیلی سٹورز کارپوریشن کو فنڈ جاری کرے تاکہ ادارہ بہتر طریقے سے کام کر سکے۔

مظاہرین سے نیشنل ورکرز یونین سی بی اے کے سرپرست اعلیٰ اسرار فرید چشتی اور آل پاکستان ورکرز الائنس کے مرکزی نائب صدر ملک مظفر سندیلہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا 2 ستمبر کو وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے ہمارے ساتھ وعدہ کیا تھا کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو بند نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی اس کی نجکاری کی جائے گی اور کسی ملازم کو بھی نوکری سے نہیں نکالا جائے گا،اور یہی بیان وفاقی وزیر رانا تنویر نے پیپلز پارٹی کی رہنماو خاتون اول آصفہ بھٹو اور دیگر اراکین کے قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں بھی کہا تھا جو کہ قومی اسمبلی کے ریکارڈ پر موجود ہے۔

انہوں‌نےالزام عائد کیاکہ اس بیان کے باوجودحکومت نے یوٹرن لیتے ہوئے پہلے ملک بھر سے ایک ہزار سے زیادہ سٹور بند کئے اور اب 15 سے بیس سال سے کام کرنے والے 3000 ہزار ڈیلی ویجز ملازمین کو برطرف کر دیا ہے، جنھیں ملک بھر کے مختلف عدالتوں نے ریگولر کیا ہوا ہے اور قادر خان مندوخیل کی سربراہی میں قائم قومی اسمبلی کی سپیشل کمیٹی نے بھی ریگولر کرنے کے احکامات دیئے ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود ان ملازمین کا معاشی قبل کر دیا گیا۔

انہوں‌نے کہ حکومت کے اس عمل کا صدمہ برداشت نہیں‌کرتے ہوئے ایبٹ آباد کے ایک ڈیلی ویجز ملازم جنید قریشی نے خود کشی کرکے اپنی زندگی کا چراغ گل کر دیا ہے.

ملازمین مطالبہ کرتےہیں کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے تمام ڈیلی و یجز ملازمین کو واپس نوکریوں پر بحال کیا جائے اور تمام کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو ریگولر کیا جائے،یوٹیلٹی سٹورز کار پوریشن کو بند کرنے یا نجکاری کرنے کا ارادہ ترک کیا جائےاور یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کےذریعے عوام کو مختلف اشیاء پر سبسڈی دینے کے لیے بجٹ 2024/25 میں 60 ارب روپے منظور کئے گئےفنڈز جاری کئے جائیں۔

مقررین نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ملازمین پر جو کر پشن کا الزام لگایا ہے۔اُس کے لئے انکوائری کمیٹی بنائی جائے اگر کسی نے کر کرپشن کی ہے تو اُس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔اس طرح تمام ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کیا جائے اور ایف بی آر نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے 12 ارب روپے دبائے ہوئے ہیں وہ فوری طور پر دیئے جائیں،اگر 27 فروری تک ہمارے مطالبات منظور نہیں کئے گئے تو یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ملک بھر سے تمام ملاز مین اپنے اہل خانہ کے ہمراہ 27 فروری2025ءسے یوٹیلٹی سٹور ہیڈ آفس کے سامنے دھرنا دیں گے اور مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھیں گے.

اپنا تبصرہ لکھیں