404854 1115709 updates 1

پسند کی شادی اور ٹک ٹاک کی وجہ سے غیرت کے نام پر دوخواتین قتل

نمائندگان: لودھراں‌میں‌پسند کی شادی کے بعد خلع لے کر والد کے گھر آباد ہونے والی لڑکی کو والد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا ، دوسری جانب خوشاب میں‌ٹک ٹاکر کو کزن نے غیرت کے نام پر قتل کردیا.

تھانہ صدر لودھراں کے علاقے موضع کمال پور جتیال کی رہائشی 22 سالہ فاطمہ بی بی نے ملتان کے رہائشی کمیل اصغر سے پسند کی شادی کرلی تھی، جس پر اس کے والد عمر فاروق جتیال نے کمیل اصغر کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کرایا لیکن دونوں کی شادی کی دستاویزات اور لڑکی کے بیان پر پولیس نے مقدمہ خارج کردیا.

اہل علاقہ کے مطابق فاطمہ بی بی 2 سال تک کمیل اصغر کے گھر آباد رہی لیکن اس کا والد عمر فاروق بیٹی کو مسلسل خلع لینے کا مطالبہ کرتا رہا،باپ کے اسرار پرفاطمہ بی بی نے اڑھائی سال بعد کمیل اصغر سے خلع لے لی اور واپس والدین کے پاس چلی گئی تاہم عمر فاروق جتیال نے اسی رنجش کی بناء پر اپنی 22 سالہ لخت جگر فاطمہ بی بی کو پسٹل کے فائر سے غیر ت کے نام پر قتل کردیا ۔

ایف آئی آر کے مطابق قتل کی وردات کے دوران اس کا بھائی عمیر فاروق بھی موقع پر موجود تھا، جس نے والد کے موقع سے بھاگ جانے پر بہن کے قتل کے مقدمہ نمبر 613/25 درج کرایا.

قانونی ماہرین کے مطابق غیرت کے نام پر قتل میں‌قانون واضح ہے کہ کوئی بھی خونی رشتہ دار اس مقدمہ کا مدعی نہیں‌بن سکتا ہے، اس مقدمہ میں‌قانون کے مطابق مدعی صرف ایس ایچ او ہو سکتاہے.اس طرح‌ایسے مقدمہ کی تفتیش اور موقع پر کارروائی کے دیگر قانونی تقاضے بھی پورے کرنے ضروری ہوتے ہیں، تاہم انہی قانونی موشگافیوں‌اور تفتیش درست نہیں‌کرنے کی وجہ سے ملزم کو بچ نکلنے کا موقع مل جاتا ہے.

دوسری جانب خوشاب علاقہ تھانہ نور پور میں ٹک ٹاکر اقراء بتول کے اندھے قتل پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں‌میں‌ملزم گرفتار کر لیا.

خوشاب کے علاقہ تھانہ نورپور پولیس کو بذریعہ 15 کال موصول ہوئی کہ اقراء بتول نامی ٹک ٹاکر کو گھر کے دروازے پر نامعلوم ملزم نے فائر مار کر قتل کر دیا ہے، ⁠جس پر ڈی پی او خوشاب توقیر محمد نعیم نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ نورپور کو کارروائی کرنے اور نامعلوم ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے۔

⁠ایس ایچ او تھانہ نورپور محمد توقیر حسین نے چند گھنٹوں میں ٹیکنیکل ذرائع استعمال کرتے ہوئے مقتولہ کے کزن ملزم محمد بلال کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا جس نے ٹک ٹاکر اقرا عظیم کو غیرت کے نام پر قتل کرنا تسلیم کر لیا جسکی مزید تفتیش جاری ہے.

ڈی پی او خوشاب توقیر محمد نعیم نے ایس ایچ او تھانہ نورپور اور پوری ٹیم کو شاباش دی اور ملزم کے خلاف تمام شواہد اکھٹے کرنے اور ملزم کو قرار واقعی سزا دلوانے کے احکامات جاری کررتے ہوئے کہا ہے کہ خوشاب پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے.

اپنا تبصرہ لکھیں