اسلام آباد:سپریم کورٹ میں پھانسی،عمرقید کے کیسز آئندہ 45 روز میں نمٹانےکا ہدف مقرر کر دیا گیا، ماہ اکتوبر 2024ء سے اب تک زیرالتواء فوجداری مقدمات کی تعداد کم ہو کر 12 ہزار 705رہ گئی۔
اعلامیہ کے مطابق 9 سے 14 فروری تک سزائے موت،عمر قید کے 354 فوجداری مقدمات نمٹائے گئے۔اسی ہفتے سزائے موت اور عمر قید کے متعلق 141 نئے مقدمات دائر ہوئے۔نمٹائے گئے مقدمات کی شرح دائر ہونے والے مقدمات سے تقریباً 277 فیصد زیادہ رہی۔
اعلامیہ میںمزید کہا گیا ہے کہ ماہ جنوری تک کے تمام زیر التوا سزائے موت کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا، نیز مخصوص بینچز ، اصلاحاتی گروپس اور عدالتی ٹیمیں مربوط حکمت عملی کے تحت اہداف کے حصول کے لئے سرگرم ہیں.
چیف جسٹس نے قیدیوں سے متعلق جیل پٹیشنز کو منظم اور تیز رفتار بنانے کی ہدایات جاری کر دیں۔
اس ضمن میںفیصلہ کیا گیا کہ جیل پٹیشنز دائر ہونے سے فیصلے تک واضح اور قابل پیشگوئی ٹائم لائن متعارف کروائی جائے گی۔اس طرح فوجداری مقدمات میں جمود کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
