اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے انتخابات 2025-27 میں کامیاب ہونے والے نومنتخب صدر رانا محمد عظیم، سیکرٹری جنرل شکیل احمد، سیکرٹری فنانس شہر بانو، سیکرٹری اطلاعات احتشام الحق، اور دیگر تمام عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نئی منتخب قیادت آزادیٔ صحافت، صحافی برادری کے حقوق، اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اور بھرپور کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب عہدیداران اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے سرانجام دیتے ہوئے صحافی برادری کے اتحاد اور یکجہتی کو مزید مضبوط کریں گے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پاکستان میں آزاد اور ذمہ دار صحافت جمہوری استحکام کی ضامن ہے، اور مجھے امید ہےپی ایف یوجے کی نئی قیادت ملک میں صحافت کے معیار کو بلند کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں نومنتخب عہدیداران کے لیے نیک تمناؤں اور کامیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے مقاصد میں سرخرو کرے۔