راولپنڈی:سیشن عدالت پنڈی نے مذہبی توہین کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے چار ملزموں کو سزائے موت،عمر قید اور 80 سال قید کی سزا سنادی ہے۔توہین مذہب کےمقدمہ کا فیصلہ ایڈیشنل سیشن جج محمد طارق ایوب نے سنایا۔
عدالت نے مجرموں پر مجموعی طور پر 46 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا جبکہ عدم ادائیگی جرمانہ پر قید سخت بھگتنا ہوگی، ملزموں میں رانا عثمان، اشفاق علی، سلمان سجاد، واجد علی شامل ہیں۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے 22 اکتوبر 2022ء کو مقدمہ درج کیا تھا، ملزموں پر فیس بک، سوشل میڈیا پرمقدس ہستیوں اورکتابوں کی بے حرمتی کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔
عدالت نے ضابطہ فوجداری کےسیکشن 295 سی کے تحت چاروں ملزموں کو سزائے موت سنائی، سیکشن295 بی پر عمرقید سنائی، ملزموں کو 295 اے پر دس دس سال قید سنائی اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا، ملزموں کو 298 اے جرم میں تین تین سال قید سنائی اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔