ملتان:پنجاب بار کونسل نے وکلاء کے لیے تمام ٹول پلازے مفت قرار دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کارروائی شروع کر دی ہے۔
وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل، خواجہ قیصر بٹ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اس فیصلے پر عملدرآمد کے لیے ایک فوکل پرسن بھی مقرر کر دیا گیا ہے۔
پنجاب بار کونسل کے اجلاس میں یہ مطالبہ منظور کیا گیا کہ پنجاب بھر میں وکلاء کو تمام قومی شاہراؤں کے ٹول پلازوں پر استثنیٰ حاصل ہونا چاہیے۔
اس فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے جہلم سے تعلق رکھنے والے ممبر پنجاب بار کونسل اکرم الحق شیخ کو اس معاملے کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیل بار ایسوسی ایشنز کے صدور اور سیکرٹریز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹول پلازوں پر استثنیٰ حاصل کرنے کے لیے سول مقدمات دائر کریں۔

متعلقہ بار ایسوسی ایشنز فوکل پرسن کے مشورے کے مطابق سول مقدمات دائر کریں گی یا دیگر قانونی طریقہ کار اپنائیں گی تاکہ ٹول پلازوں کو وکلاء کے لیے مفت قرار دیا جا سکے۔
اس تمام پیش رفت کے بارے میں پندرہ روزہ رپورٹس پنجاب بار کونسل کے دفتر میں جمع کرانا ہوں گی۔
