روم: کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو XIV باقاعدہ طور پر کیتھولک چرچ کے 267 ویں پوپ بن گئے۔
پوپ نے دعائیہ خطاب میں یوکرین اور غزہ میں امن کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں لوگ بھوک سے نڈھال ہوچکے ہیں، سینٹ پیٹرز اسکوائر پر افتتاحی اجتماع میں بین الاقوامی رہنماؤں سمیت لاکھوں افراد نے شرکت کی۔
پوپ نے نائب امریکی صدر جے ڈی وانس، وزیر خارجہ روبیو اور دیگر ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نےبھی پوپ لیو سے ملاقات کی۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پوپ لیو کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کو بین المذاہب ہم آہنگی اور خیرسگالی کی علامت قرار دیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے روم کے شہر ویٹی کن میں پوپ لیو XIV کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرکے پاکستان کی نمائندگی کی۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے حکومت اور پاکستانی عوام کی نیک تمنائیں پوپ لیو XIV کو پہنچائیں اور کہا کہ بین المذاہب مکالمے، امن اور باہمی احترام پاکستان کی پالیسی کا اہم جزو ہے، قائداعظم کے وژن کے مطابق پاکستان میں تمام مذاہب کو آزادی اور وقار سے جینے کا حق حاصل ہے۔
پوپ لیو کی حلف برداری تقریب میں دنیا بھر کے سربراہان مملکت اور عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔
خیال رہے کہ سابق پوپ فرانسس کی وفات کے بعد 10 روز قبل کارڈینل رابرٹ پری ووسٹ کو کیتھولک مسیحیوں کا نیا پوپ منتخب کیا تھا جس کے بعد انہوں نے بطور پوپ اپنا نام لیو XIV منتخب کیا۔