Untitled 2025 06 28T133111.137

خیبر پختونخوا میں مون سون بارشیں: نقصانات اور انتظامات

ڈاکٹر رحمت عزیز خان چترالی

خیبر پختونخوا کا ضلع سوات پاکستان کا ایک پہاڑی اور دریائی خطہ ہے جو قدرتی وسائل، جغرافیائی تنوع اور ثقافتی ورثے سے مالا مال ہے، لیکن اس کا جغرافیہ اسے بارہا قدرتی آفات کی زد میں لاتا رہا ہے، خصوصاً سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، زلزلے اور بارشیں اس خطے کے لیے مستقل چیلنج بنے ہوئے ہیں۔ سال 2010ء کے سیلاب ہوں یا سال 2022ء کی موسلا دھار بارشیں، خیبر پختونخوا کا انفراسٹرکچر، انتظامی صلاحیت اور عوامی تحفظ کا نظام بارہا امتحان میں آیا ہے۔
Untitled 2025 06 28T133059.642
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کی جاری کردہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں اب تک 11 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 4 مرد، 3 خواتین، اور 4 بچے شامل ہیں۔ سوات سب سے زیادہ متاثرہ ضلع قرار پایا ہے، جہاں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ 56 گھروں کو بھی متاثر کیا ہے، جن میں 6 مکمل تباہ جبکہ 50 جزوی طور پر متاثر ہوئے۔ انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے، خاص طور پر سڑکوں، پلوں اور بنیادی سہولیات کو۔ دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر خطرناک حد تک پانی کی سطح بلند ہے۔ نوشہرہ اور چارسدہ کی ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

سوات میں دریا کے کنارے تفریح کی غرض سے آنے والے سیاحوں کے لیے خوشی کا لمحہ قیامت میں بدل گیا۔ اچانک آنے والے سیلابی ریلے نے 16 سیاحوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جن میں سے 8 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، 3 کو زندہ بچا لیا گیا ہے اور 5 تاحال لاپتہ ہیں۔ جاں بحق افراد میں ماں، دو بیٹیاں، بہن بھائی جیسے قریبی رشتے شامل ہیں، جو انسانی المیے کی شدت کو ظاہر کرتے ہیں۔ سیاحوں کا تعلق سیالکوٹ اور مردان سے تھا، جو سوات کو محفوظ تفریحی مقام سمجھ کر آئے تھے۔
Untitled 2025 06 28T133120.165
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو اس سانحے کا براہ راست ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے مطابق ایمرجنسی میں کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا، سیاحوں کو پیشگی وارننگ نہیں دی گئی، محکمہ سیاحت، جو وزیر اعلیٰ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، اس سانحے کا اصل ذمہ دار ہے، دریا کے کنارے چارپائیاں بچھانے والے ہوٹل بھی ضلعی انتظامیہ اور سیاحت کے محکمے کی چشم پوشی کا نتیجہ تھے اور حکومت کی بے حسی اور بدانتظامی کو گورنر نے شدت سے تنقید کا نشانہ بنایا۔

یہاں یہ سوال اہم ہے کہ سیاحوں کو قدرتی خطرات سے آگاہ کرنا، متوقع بارشوں اور سیلاب کی پیشگی اطلاع دینا اور خطرناک مقامات پر ہوٹلنگ یا قیام کی ممانعت، کیا یہ حکومت یا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری نہیں؟

ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام کی ازسرنو تشکیل کی ضرورت ہے، جو صرف رپورٹ سازی تک محدود نہ ہو بلکہ پیشگی انتباہ، بروقت ریسکیو، اور موثر بحالی کو یقینی بنائے۔ سیاحتی علاقوں میں مستقل وارننگ سسٹم، مقامی انتظامیہ کی تربیت، اور سیاحوں کو آگاہی کے لیے جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم (SMS، Apps) کا استعمال ناگزیر ہے۔ سیاحت اور مقامی حکومت کے محکموں میں کوآرڈینیشن کا شدید فقدان سامنے آیا ہے، جسے دور کیے بغیر کسی بھی اصلاح کی امید عبث ہے۔ دریاؤں کے کنارے غیرقانونی تعمیرات پر مکمل پابندی اور ریور سیکیورٹی زون کا قیام لازمی ہے۔
Untitled 2025 06 28T133637.906
یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ حالیہ سانحہ محض قدرتی آفت ہی نہیں، بلکہ اس میں انتظامی ناکامی، حکومتی عدم توجہی، اور انسانی غفلت کا گہرا عمل دخل بھی ہے۔ خیبر پختونخوا کے عوام ہر سال موسمی تباہیوں کا سامنا کرتے ہیں، مگر ان سانحات سے سبق سیکھنے کا کوئی عمل نظر نہیں آتا۔ اگر احتساب، منصوبہ بندی اور حفاظتی اقدامات پر سنجیدگی سے توجہ نہ دی گئی تو ہر سال ہم ایسی ہی رپورٹیں پڑھتے اور لاشیں گنتے رہیں گے۔

Untitled 2025 06 27T172953.622
ڈاکٹر رحمت عزیز خان چترالی کا تعلق خیبرپختونخوا چترال سے ہے، آپ حالات حاضرہ، علم ادب، لسانیات اور تحقیق و تنقیدی موضوعات پر لکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں