نمائندگان: جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے نواحی علاقے ڈومیلی سے تعلق رکھنے والے نوجوان جوڑے کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 22 سالہ حسن سلیم، جو کہ گاؤں جنجلوٹ کا رہائشی تھا، اور 19 سالہ (ع)، جو دھمالہ سے تعلق رکھتی تھی، نے 20 مئی کو لاہور میں پسند کی شادی کی تھی۔ دونوں نے اپنی مرضی سے نکاح کیا اور لاہور میں رہائش اختیار کرنے کی کوشش کی۔
تاہم ان کی لاشیں گجرات کی تحصیل سرائے عالمگیر کے علاقے کنارہ سے برآمد ہوئیں۔ پولیس کے مطابق ابتدائی شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ دونوں کو سر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ غیرت کے نام پر کیا گیا ایک افسوسناک واقعہ ہے۔
مقتولہ کے والد نے بیٹی کی گمشدگی کی رپورٹ 20 مئی کو تھانہ ڈومیلی میں درج کرائی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال، سرائے عالمگیر منتقل کر دیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
لاہور میں باپ نے اپنی کم عمر بیٹی کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں پیش آیا جہاں باپ ہی اپنی بیٹی کی جان کا دشمن بن گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم عمر نے اپنی 16 سالہ بیٹی ایمان فاطمہ کو تیز دھار آلے سے قتل کیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ مقتولہ پسند کی شادی کرنا چاہتی تھی، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا ہے جب کہ قتل کے بعد سے ملزم فرار ہے جس کی تلاش جاری ہے۔