ملتان: نشتر ہسپتال ملتان کے جنرل سرجری آپریشن تھیٹر میں پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ سرجری، نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کی زیر نگرانی لیزر پروکٹالوجی سرجری ورکشاپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔
یہ اپنی نوعیت کی جنوبی پنجاب میں پہلی اور نشتر ہسپتال میں تیسری لیزر پروکٹالوجی ورکشاپ تھی، جس میں فیسٹولا، بواسیر اور پائلونائیڈل سائنَس کے مریضوں کی جدید لیزر ٹیکنالوجی کے ذریعے کامیاب سرجریز کی گئیں۔
ورکشاپ کے دوران مجموعی طور پر 9 مریضوں کی کامیاب لیزر سرجری کی گئی جن میں 7 فیسٹولا، ایک بواسیر اور ایک پائلونائیڈل سائنَس کا کیس شامل تھا۔ تمام آپریشن کامیابی سے مکمل ہوئے اور دوپہر دو بجے تک تمام کیسز مکمل کر لیے گئے۔
ورکشاپ کی مہمانِ خصوصی وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی تھیں، جنہوں نے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور اس جدید سرجیکل ٹیکنالوجی کے فروغ کو سراہا۔ اس موقع پر لیزر پروکٹالوجی سرجری کے 100 کامیاب کیسز مکمل ہونے پر کیک بھی کاٹا گیا۔
اس ورکشاپ میں جنوبی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں سے نوجوان سرجنز نے خصوصی شرکت کی، جن میں بنوں، وہاڑی، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، رحیم یار خان اور کوٹ ادو شامل ہیں۔ شرکاء نے اس جدید اور جدید ترین طریقہ علاج کو سرجری کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں اس جدید لیزر پروکٹالوجی سرجری کی سہولت صرف نشتر ہسپتال ملتان میں دستیاب ہے اور وہ اس وقت ملتان کے واحد سرجن ہیں جو یہ جدید طریقہ علاج انجام دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی ایسے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوان سرجنز جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کر سکیں اور مریضوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
