اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری نے قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر سے عہدے کا حلف لے لیا۔
قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی تقریب حلف برداری ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی جس میں وکلاء، ججز اور حکومتی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
سابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کے بعد جسٹس سرفراز ڈوگر کو قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ تعینات کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔
ملتان سے تعلق رکھنے والےجسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ کا مستقل چیف جسٹس تعینات ہونے تک قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
خیال رہے کہ دوسری ہائیکورٹس سے اسلام آباد ہائیکورٹ منتقلی کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز نے چیف جسٹس پاکستان کو خط بھی لکھا تھا اور سنیارٹی کے حوالے اعتراض بھی اٹھایا تھا۔
دریںاثناء سپریم کورٹ میں لوئر کورٹس سے ترقی پا کر تعینات ہونے والے 6 نئے ججز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے نئے ججز سے عہدے کا حلف لیا۔
عہدے کا حلف لینے والے ججز میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس صلاح الدین پنہور شامل ہیں۔
اس کے علاوہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بھی بطور ایکٹنگ جج سپریم کورٹ حلف لیا، چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سے حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج محسن اختر کیانی، اٹارنی جنرل، وکلاء، لاء افسران اور عدالتی سٹاف بھی شریک تھا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس نے 6 ججز کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔