لاہور:جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے لاہور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیے اہم اجلاس 21 جولائی 2026 کو دوپہر 2 بجے سپریم کورٹ آف پاکستان، اسلام آباد کے کانفرنس روم میں طلب کر لیا ہے۔
جوڈیشل کمیشن کے سیکرٹری کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق اجلاس کی صدارت چیف جسٹس آف پاکستان و چیئرمین جوڈیشل کمیشن جسٹس یحییٰ آفریدی کریں گے جب کہ کمیشن کے دیگر آئینی ارکان بھی شریک ہوں گے۔
ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں پہلے ایک ایڈیشنل جج کی تقرری کی توثیق کی جائے گی، جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی 10 خالی آسامیوں پر تقرری کے لیے 24 امیدواروں کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔
زیر غور امیدواروں میں جنوبی پنجاب سے بھی 5 نام شامل کئے گئے ہیں، جن میں 3 کا تعلق ملتان اور 2 کا بہاولپور سے ہے.
ان میںملتان سے کاشف رفیق رجوانہ، مغیث اسلم ملک، خالد ابنِ عزیز، جبکہ بہاولپور سے امیر عجم ملک اور محمد نوازش علی پیرزادہ کے نام شامل ہیں.
اس طرح پنجاب کے دیگر علاقوں سے ناصر جاوید رانا، محمد شان گل، غلام سرور نہنگ، محمد اجمل خان زاہد،شیریں عمران، اسد علی باجوہ، محمد امجد پرویز، منور اقبال دوگل، سید فرہاد علی شاہ، بیرسٹر محمد عثمان غنی شامل ہیں۔
دوسری جانب راشد چیمہ، چودھری سرفراز علی دیال، محمد ساجد خان تنولی، محمد ثاقب جیلانی، محمد وسیم، اسد محمود عباسی، اشفاق احمد کھرل، دانیال اعجاز، محمد شہزاد خان، اور افتخار الحق خان شیروانی بھی امیدواروں کی فہرست میں موجود ہیں۔
تمام امیدواروں کا ریکارڈ جوڈیشل کمیشن کے ارکان کو بھجوا دیا گیا ہے، مراسلے میںہدایت کی گئی ہے کہ اگر کسی رکن کے نزدیک کسی اہل امیدوار کا نام غلطی سے شامل ہونے سے رہ گیا ہو یا کسی امیدوار کے حوالے سے کوئی اعتراض موجود ہو تو وہ مراسلہ موصول ہونے کے دو روز کے اندر سیکرٹریٹ کو آگاہ کرے گا تاکہ اجلاس میں اس پر غور کیا جا سکے۔


