نمائندگان: خواتین کے تحفظ کے لئے کثیر قوانین کی موجودگی کے باوجود خواتین کےخلاف جرائم میںکمی واقع نہیں ہو سکی، مختلف واقعات میںمردوںنے اپنی خواہشات کی تکمیل کے لئے تین خواتین کی جان لے لی.
پاکپتن میں شادی سے انکار کرنا خاتون کے لئےجرم بن گیا، نوجوان نے فائرنگ کرکے خاتون کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کو شادی سے انکار کرنے پر نوجوان نے فائرنگ کرکے قتل کیا، مقتولہ نے ملزم سے دوسری شادی کرنے سے انکار کیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے خاتون کو گھر میں گھس کر قتل کیا اور فرار ہوگیا، ملزم کی تلاش کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
فیصل آباد میں اولاد کے خواہشمند شوہر نے بیوی کو حکیم کی دوا کھلا دی جس سے خاتون زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھی۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ چک جھمرہ پولیس سٹیشن کی حدود میں پیش آیا جہاں نوشیر نامی شوہر اپنی بیوی ثنا نور کیلئے حکیم کا نسخہ لے کر آیا۔
پولیس نے بتایا کہ جوڑے کے ہاں اولاد نہیں تھی اور وہ اولاد کے خواہشمند تھے، شوہر نے اولاد کی خواہش کی خاطر حکیم سے علاج کروانے کا فیصلہ کیا اور حکیم سے ایک نسخہ لے کر آیا جسے اس نے اپنی بیوی کو کھلا دیا۔
حکیم کی دوا کھانے کے بعد خاتون کی طبیعت بگڑنا شروع ہوگئی اور اسے گردے میں شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا جس پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ دم توڑ گئی۔
پولیس نے شوہر اور حکیم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
اس سے قبل لاہور میں بیوی کو قتل کر کے لاش کو بے دردی سے جلانے کے بعد فرار ہونے والے قاتل شوہر کو پولیس نے 125 گھنٹے بعد گرفتار کر لیا۔
لاہور شہر میں نذیر نامی ملزم نےاپنی بیوی نجمہ کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش جلا دی تھی اور خود گھر سے فرار ہو گیا تھا۔