لاہور:شیرا کوٹ کے علاقے میں بزرگ شہری رحمت علی کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے مقتول کی بیٹی اور اس کے دوست کو مبینہ طور پر قتل کے مرکزی ملزموں کے طور پر گرفتار کرلیا۔
انویسٹی گیشن اور آپریشن ونگ تھانہ شیرا کوٹ کی پولیس ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دونوں مرکزی ملزموں کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی بیٹی اپنے دوست سے شادی کرنا چاہتی تھی، تاہم رحمت علی اس شادی پر رضامند نہیں تھے، مبینہ طور پر اسی رنجش کی بنیاد پر بیٹی اور اس کے دوست نے بزرگ شہری کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں نے مبینہ طور پر 2 لاکھ روپے کے عوض دو شوٹرز کو ہائر کیا، جنہوں نے فائرنگ کرکے رحمت علی کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن کے مطابق پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے قتل کے مرکزی ملزموں کو گرفتار کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر ملزموں اور شوٹرز کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔
