IMG 7485

ظاہری حالت پر کمنٹس: کیوں یہ غیر ضروری اور تکلیف دہ ہو سکتے ہیں؟

ہمارے معاشرے میں آپ نے ایسے لوگ درجنوں کی تعداد میں دیکھے ہوں گے جو کسی سے ملتے ہی پہلی بات اس کی ظاہری صورت پر کرتے ہیں، جیسے کہ "آپ کتنی دبلی ہو گئی ہیں”، "آپ موٹی ہو گئی ہیں”، "آپ کے چہرے پر دانے نکل آئے ہیں”، "آپ کے بال کم ہو گئے ہیں” وغیرہ۔ اس طرح کے کمنٹس ہمارے معاشرے میں سوشل اٹی کیٹس کی کمی کا جیتا جاگتا ثبوت ہیں، اور جب ان سے پوچھا جائے کہ ایسا کیوں کہا، تو ان کا جواب ہوتا ہے کہ "ہم تو آپ کی فکر کر رہے ہیں اور خیال میں بول رہے ہیں”۔

انسان خود اپنے آپ کو سب سے زیادہ شیشے میں دیکھتا ہے، وہ اپنی ہر کمی اور خامی سے دوسرے شخص سے سو گنا زیادہ واقف ہوتا ہے۔ جن چیزوں کی طرف آپ اس کی توجہ دلا رہے ہیں، وہ یقیناً وہ پہلے ہی جانتا ہے اور ہو سکتا ہے کہ ان کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہو یا پہلے ہی ان سے پریشان ہو۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم ان کی پریشانی میں مزید اضافہ نہ کریں اور ان کا پورا دن خراب کر نے سے اجتناب کریں۔

اس بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ کمنٹس کرنے والے کو ‘5 سیکنڈ رول’ فالو کرنا چاہیے، یعنی اگر آپ جو کمی یا خامی دیکھ رہے ہیں، وہ 5 سیکنڈ میں ٹھیک نہ ہو سکتی ہو، تو ایسے کمنٹس کو اپنے تک محدود رکھیں۔ 5 سیکنڈ میں ٹھیک ہونے والی چیزوں سے مراد وہ چیزیں ہیں جو فوراً ٹھیک ہو سکتی ہیں، جیسے کسی کے دانتوں پر لپ اسٹک لگی ہو، بال خراب ہوں، مسکارا پھیل گیا ہو، وغیرہ۔ ایسی باتیں بتا کر آپ یقیناً دوسرے کو شرمندگی سے بچا رہے ہیں، اور ان کا فائدہ کر رہے ہیں۔ لیکن اگر آپ کسی کے وزن، ایکنی،منہ پر داغ دھبے یا فیشل ہیئر پر کمنٹس کر رہے ہیں، تو آپ انہیں صرف ذہنی اذیت دینے اور ان کی ظاہری صورت کے بارے میں کم تر محسوس کرانے کے علاوہ کچھ نہیں کر رہے۔

آپ کا کسی کی ظاہری حالت پر تبصرہ کرنا، خاص طور پر جب وہ آپ کا قریبی نہ خود اعتمادی کو ٹھیس پہنچا سکتا ہے اور تکلیف کا باعث بن سکتا ہے۔آپ کا کسی کو یہ بتانا کہ ایونٹ میں جو نیا جوڑا وہ زیب تن کر کے آئے ہیں، اس پر پرائس ٹیگ لگا ہے، ہزار گنا بہتر ہے اس کو اس کے گرتے بالوں یا بڑھتے وزن کے بارے میں بتانے سے۔ اس طرح کی بات بتانے سے وہ شرمندگی سے بھی بچ جائے گا اور آپ کا شکر گزار بھی رہے گا۔ تو اگلی دفعہ کسی کی ظاہری حالت پر کمنٹس کرنے سے پہلے یہ ضرور سوچیں کہ کیا وہ 5 سیکنڈ یا چند منٹ میں اس کو ٹھیک کر سکتا ہے، اور اگر نہیں، تو خاموشی بہتر ہے۔

ظاہری حالت پر کمنٹس: کیوں یہ غیر ضروری اور تکلیف دہ ہو سکتے ہیں؟“ ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ لکھیں