ملتان: سٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے ہفتہ مالیاتی خواندگی کے آغاز پر سٹیٹ بنک ملتان میں بھی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی. صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں بختاور تنویر شیخ نے چیف مینیجر سٹیٹ بنک جاوید اقبال مارتھ اور دیگر بنک نمائندگان سمیت ویمن چیمبر اور سوسائٹی فار سپیشل پرسنز کے ہمراہ ہفتہ مالیاتی خواندگی آگہی کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف مینیجر سٹیٹ بنک ملتان جاوید اقبال مارتھ نے کہا کہ مالیاتی خواندگی کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، سٹیٹ بنک اس مقصد کے حصول کے لیے دیگر بنکوں کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے اور ہفتہ مالیاتی خواندگی کا مقصد یہی ہے کہ لوگوں میں مالیاتی خواندگی کا شعور اجاگر کیا جائے اور اس سال مالیاتی خواندگی کی تھیم مالی شمولیت باہمی تعاون اور جدت کے ساتھ ہے.
جاوید اقبال مارتھ نے کہا کہ مالیاتی خواندگی میں بنکوں کا فعال کردار ہے جو لائق تحسین ہے، بنکوں میں مدد سے دیہاتوں، قصبوں اور دور دراز علاقوں میں لوگوں کو مالیاتی خواندگی کی جانب مائل کیا گیا اور اس کے نتائج مثبت برآمد ہوئے جس میں خواتین کو بھی شامل کیا گیا جس سے خواتین کے بنک اکاؤنٹ کھولنے کی تعداد حیران کن طور پر زیادہ ہے اس وقت 180ملین اکاؤنٹ ایکٹو ہیں.
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں مالیاتی خواندگی کی شرح کچھ عرصہ میں 23سے 47فیصد ہوگئی ہے جو بڑھتی آبادی کے اعتبار سےابھی بھی کم ہے، تاہم خواتین کی زیادہ شمولیت سے وہ خودمختار ہوئیں جس سے انکے معاشی مسائل کم ہوئے، انہوں نے بتایا کہ مالیاتی خواندگی آگہی کے دوران صحرائےتھر، چولستان اور بلوچستان میں مسائل کا سامنا ہوا، ملتان کی مویشی منڈی میں لین دین کا نظام بزریعہ کیو آر کوڈ ڈیجیٹل کر دیا اب شہری منڈی میںنقد رقم لے کر نہیں جائیں بلکہ کیو آر کوڈ کے زریعے ادائیگی کریں.
جاوید اقبال نے بتایا کہ عوام کے لیے مزید آسانیاں پید ا کی جا رہی ہیں، 5 ڈیجیٹل بنکوں کو لائسنس دئیے گئے ہیں جس میں دو بنک لانچ ہو چکے ہیں جبکہ پرائز بانڈ نظام کو بھی ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے، جس سے اب پرائز بانڈ ہاتھوں میں لے کر نہیں پھریں گے، ڈیجیٹل نظام کے تحت اپنی پسند کا نمبر سلیکٹ کیا جا سکے گا.
انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات سے بنکوں میں جانا کم اوربنکوں میں مقابلے کی فضاء بڑھ جائے گی،کاروباری لوگوں کے لیے آسانیاں پید اہوں گی، کنونشنل سے اسلامک فنانشنل سسٹم اگلے سال تک سارا نظام کنورڈ ہوجائے گا اور تمام اقدامات سے اکنامک مسائل کم ہوجائیں گے.
صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں بختاور تنویر شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالیاتی خواندگی کا مقصد پاکستانیوں کو مالی طور پر خودمختار بنانا ہے تاکہ وہ اپنے مالی فیصلے خود کرسکیں اور بہتر زندگی گزار سکیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، انہیں مالیاتی خواندگی سے آگہی دے کر انکا تعلیمی و معاشی مستقبل محفوظ بنایا جا سکتا ہے تاکہ وہ عملی زندگی میں نوکریوں کی تلاش کی بجائے اپنا کاروبار کر سکیں خواتین،ڈیلی ویجز ملازمین اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی حامل خواتین کو بھی مالی خودمختاری اور حقوق سے آگہی دی جانی چاہیے اور اس سلسلہ میں آگہی کو تیز و موثر کرنے کے لیے سوشل میڈیا استعمال کیا جائے تاکہ ماضی کی طرح آنیوالے وقت میں کبھی آمدنی کے مقابلے میں اخراجات ذیادہ ہوں تو بوقت ضرورت مالیاتی آگہی سے کام لیا جائے.
ویمن چیمبر آف کامرس کی صدر فرح ثاقب نے کہا کہ مالیاتی خواندگی وقت کی ضرورت ہے ، سٹیٹ بنک کے ساتھ ساتھ حکومت،سماجی ادارے اپنا کردار ادا کریں تاکہ معاشی بہتری آئے.
وائس چانسلر خواتین یونیورسٹی ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ معاشی حالات کے تناظر میں بجٹ بنانا سرمایہ کاری کی اہمیت کے حوالہ سے مالیاتی خواندگی ناگزیر ہے، ایسی مہارتیں ہر شہری کو آنی چاہیں جو قرضوں کے جال سود سے بچاتی ہیں، اس ضمن میں تعلیمی ادارے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں.
تقریب سے اقصیٰ، شہزاد مرتضی، ذوہیب امین نے بھی خطاب کیا، ڈپٹی چیف مینیجر جاوید حسین نیئر نے اظہار تشکر کیا جبکہ کرن امجد نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دئیے، تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا جبکہ ڈپٹی چیف مینیجرسٹیٹ بنک ملتان تمکین احمد، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ائیر یونیورسٹی میاں محمد عباس، ویمن چیمبر آف کامرس کی سینیئر نائب صدر نادیہ وسیم، سوسائٹی فار سپیشل پرسنز کی چیئرپرسن زاہد ہ حمید قریشی اور دیگر بنکوں کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ہفتہ مالیاتی خواندگی کے دوران مختلف آگہی پروگرامز منعقد ہوں گے جبکہ آخری روز مالیاتی خواندگی آگہی واک بہاءالدین زکریا یونیورسٹی میں منعقد ہو گی.