اسلام آباد:جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے سندھ ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کے لیے 12 ناموں کی منظوری دیدی۔ذرائع کے مطابق چیئرمین سپریم جوڈیشل کمیشن جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت اجلاس ہوا،سندھ ہائیکورٹ میں 12 ایڈیشنل ججوں کی تعیناتی کے لیے 46 ناموں پر غور کیا گیا جبکہ جوڈیشل کمیشن کو بھیجے گئے ناموں میں 6 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور 40 وکلا کے نام شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کے عہدے پر تعیناتی کےلیے 12 ناموں کی منظوری دے دی گئی۔ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں تسنیم سلطانہ، محسن شاہوانی،عثمان علی ہادی،نثار بھبھرو،جعفر رضا،حسن اکبر ،عبدالحامد،جان علی جونیجو،میراں محمد شاہ،علی حیدر ادا،ریاضت علی اور فیاض الحسن شاہ کو سندھ ہائیکورٹ میں ایڈیشنل جج بنانے کی منظوری دی گئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جوڈیشل کمیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کے لیے 2 ناموں کی منظوری دی تھی جبکہ بلوچستان ہائیکورٹ کے لیے تین ناموں پر اتفاق کیا تھا۔